کراچی کا شہری اور والدین کا اکلوتا بیٹا بھی نیوزی لینڈ حملے میں شدید زخمی

27 سالہ اریب ایک فرم میں چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہے،کمپنی کے کام سے نیوزی لینڈ گیا تھا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 16 مارچ 2019 10:39

کراچی کا شہری اور والدین کا اکلوتا بیٹا بھی نیوزی لینڈ حملے میں شدید ..
کرائسٹ چرچ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16مارچ۔2019ء) گذشتہ روز نیوزی لینڈ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں بے گناہ مسلمانوں کو اس وقت شہید کیا گیا جب وہ پرامن طریقے سے عبادت میں مصروف تھے۔اس واقعے میں اب تک 50 مسلمان شہید ہو چکے ہیں جب کہ زخمیوں کی تعداد اس سے بھی کئی زیادہ ہے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ حملے میں زخمی ہونے والے چار پاکستانیوں میں سے ایک کا تعلق کراچی ہے۔

اریب نامی نوجوان کمپنی کے کام سے نیوزی لینڈ گیا تھا۔27سالہ اریب فیڈرل بی ایریا کا رہائشی اور ایک فرم میں چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہے۔اریب اپنے والدین کا اکلوتا بیٹا ہے۔ایک اور زخمی محمد امین کا تعلق حافظ آباد سے ہے جو ڈیڑھ ماہ قبل اپنے بیٹے اور پوتوں سے ملنے نیوزی لینڈ گئے تھے۔جب کہ نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی مساجد میں حملے کے دوران 2 پاکستانیوں کی شہادت کی بھی تصدیق کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والے نعیم راشد اور 18 سالہ بیٹا طلحہ کی شہادت سے متعلق نیوزی لینڈ کے حکام نے آگاہ کیا۔ نعیم اور طلحہ کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ حکومت نےشہید کی اہلیہ کو باضابطہ طور پر فون کرکے آگاہ کیا۔ اہل خانہ کا مزید کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ حکام بتایا کہ نعیم مساجد پر حملہ کرنے والے دہشت گرد کو روکنے کے دوران شہید ہوا، جب کہ حملے میں بیٹا طلحہ بھی شہید ہوا۔

بھائی ڈاکٹر خورشید نے بھائی اور بھتیجے کی شہادت کی تصدیق کر دی۔ ڈاکٹر خورشید کے مطابق بھائی نعیم راشد وہاں ٹیچر تھے جبکہ بھتیجا طالبعلم تھا، دونوں مسجد نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے گئے تھے کہ دہشت گرد کی گولیوں کا نشانہ بن گئے۔ کرائسٹ چرچ میں مساجد پر سفید فام شہری کے دہشت گرد حملے میں 45 سے زائد مسلمان شہید ہوئے۔ سفید فام آسٹریلوی شہری نے دہشت گردی کی تمام کارروائی سوشل میڈیا ویب سائٹ پر براہ راست نشر کی۔ پولیس نے سفید فام شہری کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جہاں اُسے 5 اپریل تک ریمانڈ پر پولیسکے حوالے کر دیا گیا ہے۔