پاکستان 2025 تک بھارت کا حصہ بن جائے گا، ہندو انتہا پسند رہنما کی ہرزہ سرائی

بنگلا دیش اور نیپال بھی اکھنڈ بھارت کا حصہ ہوں گے، اندریش کمار کی گفتگو

اتوار 17 مارچ 2019 20:25

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2019ء) ہندو انتہا پسند جماعت آر ایس ایس کے سینئر رہنما اندریش کمار نے کہا ہے کہ 2025 تک پاکستان بھارت کا حصہ بن جائے گا ،بنگلا دیش اور نیپال بھی اکھنڈ بھارت کا حصہ ہوں گے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ کے مطابق آر ایس ایس کے سینئر رہنما اندریش کمار نے بڑھکیں مارنے میں مودی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے کہا کہ آپ لکھ لیجیے، 5 یا 7 سال بعد کراچی، لاہور، راولپنڈی اور سیالکوٹ میں کہیں بھی مکان خرید سکیں گے اور آپ کو تجارت کا بھی موقع حاصل ہوگا۔

اندریش کمار نے دیوانے کی بڑ کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ 1947 سے پہلے پاکستان نہیں تھا بلکہ ہندوستان کا حصہ تھا، اسی طرح 2025 کے بعد پاکستان دوبارہ ہندوستان کا حصہ ہونے والا ہے اور اکھنڈ بھارت میں پاکستان، بنگلا دیش اور نیپال بھی شامل ہوگا۔ آر ایس ایس ان ممالک کو وسیع تر ہندتوا کے پروجیکٹ کے حصے کے طور پر دیکھتی ہے جہاں مسلمان دوسرے درجے کے شہری کی حیثیت سے مقیم ہوں گے۔