ترقی کرنی ہے تو ہمیں تعلیم پر خصوصی توجہ دینا ہوگی ،آغا شیر زمان پٹھان

اساتذہ سول سوسائٹی اور والدین زیادہ سے زیادہ بچوں اور بچیوں کو اسکولوں میں داخل کروائیں تاکہ کوئی بھی بچہ تعلیم کے زیور سے محروم نہ رہ پائے،ڈپٹی کمشنر جعفرآباد

پیر 18 مارچ 2019 23:16

ڈیرہ اللہ یار (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2019ء) ڈپٹی کمشنر جعفرآبادآغا شیر زمان پٹھان نے کہا ہے کہ ترقی کرنی ہے تو ہمیں تعلیم پر خصوصی توجہ دینا ہوگی اساتذہ سول سوسائٹی اور والدین زیادہ سے زیادہ بچوں اور بچیوں کو اسکولوں میں داخل کروائیں تاکہ کوئی بھی بچہ تعلیم کے زیور سے محروم نہ رہ پائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی انتظامیہ ایجوکیشن سپورٹ پروگرام اور این سی ایچ ڈی کے اشتراک سے ہر بچہ اسکول میں کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب میں ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن ڈیرہ اللہ یار شاہ بخش پندرانی ، ایجوکیشن سپورٹ پروگرام جعفرآباد کے انچارج بشیر احمد لہڑی ، این سی ایچ ڈی کے شبیر احمد مگسی ، سمیت اساتذہ طلبہ اور طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اساتذہ طلبہ اور طالبات کو نصابی سرگرمیوں کیساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیاں بھی کروائیں تاکہ بچوں میں چھپی صلاحیتیں سامنے آسکیں ہمیں تعلیم کو اپنا شعار بنانا ہوگا جن قوموں نے تعلیم پر توجہ نہیں دی وہ دنیا کی تیز ترین ترقی سے محروم ہو کر پسماندگی کے دلدل میں دھنس چکی ہیں داخلہ مہم کو کامیاب بنانے کے لیے میڈیا اور سول سوسائٹی کو بھی اپنا بھر پور کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ لوگوں میں تعلیم کے متعلق شعور آگہی پہنچائی جاسکے آج کا دور حصول تعلیم کا ہے علم انسان کی تیسری آنکھ ہوتی ہے تعلیم کے بغیر ترقی کا تصور ممکن نہیں ہے داخلہ مہم کے سلسلے میں ہمیں جعفرآباد میں پانچ سال سے لے کر 9سال تک کے ہر بچے اور بچی کو اسکول میں داخل کروانا ہے والدین کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنے بچوں اور بچیوں کو تعلیم سے محروم رکھ کر گھر میں بٹھانے اور کام کاج میں مصروف کرنے کے بجائے انہیں اسکول میں داخل کروائیں تاکہ وہ بچے تعلیم سے منور ہو کر ملک اور قوم کی بہتر خدمت کرسکیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن شاہ بخش پندرانی کا کہنا تھا کہ بلوچستان حکومت اور محکمہ ایجوکیشن تعلیم کے فروغ کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھارہے ہیں سرکاری اسکولوں میں معیاری تعلیم کے حصول کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا تقریب میں طلبہ و طالبات نے ملی نغمے بھی پیش کیے اور یوم دفاع پاکستان کے عنوان سے تقاریریں بھی کیں تقریب کے اختتام کے بعد گورنمنٹ ہائی اسکول ڈیرہ اللہ یار سے ڈپٹی کمشنر آفیس تک داخلہ مہم کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر کی قیادت میں واک ریلی بھی نکالی گئی جس میں خواتین اساتذہ نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔