ریسکیو ہیڈ کوارٹرز میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرز کی کانفرنس کا انعقاد

کانفرنس میں ایمرجنسی ایمبولینس سروس اور پیشنٹ ٹرانسفر وہیکلز کے لیے گائیڈ لائینز مرتب

پیر 18 مارچ 2019 23:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2019ء) پنجاب کے تمام ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ز کی ریسکیو ہیڈ کوارٹرز میں ایمرجنسی ایمبولینس سروس اور پیشنٹ ٹرانسپورٹ وہیکل کی تعیناتی کے متعلق کانفرنس ہوئی ۔کانفرنس ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس ڈاکٹررضوان نصیر کی سربراہی میںمنعقد ہوئی۔ کانفرنس میںضلعی افسران کے ساتھ ساتھ ڈپٹی ڈائریکٹر (پی اینڈ ڈی )فہیم قریشی، ڈی ڈی (ایچ آر)ڈاکٹر فواد شہزاد مرزا، ڈی ڈی (فنانس) اعجاز ورک، ہیڈ آف لاء اینڈ ایڈمنسٹریشن علی حسن اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

ضلعی افسران نے ڈی جی ریسکیو کو بتایا کہ مختلف اداروں سے مختلف قسم کی ایمبولینسز ملنے کے بعد یہ ضروری ہو گیا ہے کہ ایمرجنسی ایمبولینس سروس اور پیشنٹ ٹرانسپورٹ سروس میں شناخت رکھی جائے۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں اتفاقِ رائے سے اس حوالے سے فیصلہ کیا گیا کہ وہ ایمبولینسز جن کی اونچائی دل کی دھڑکن کو بحال کرنے (CPR) کے لیے مناسب ہے جن میں ہائی روف اور فور وہیل ڈرائیو گاڑیاں قابلِ ذکر ہیں اور وہ ایمرجنسی میں بہتر رسپانس کر سکتی ہیںکو ایمرجنسی ایمبولینس سروس کے لیے استعمال کیا جائے گا اور ان پر نیلے اور سرخ رنگ سے --"پنجاب ایمرجنسی سروس اور ''ریسکیو1122 ''ونڈوز اور بیک سائیڈ پر لکھا جائے گااور ان پر کم از کم دوعدد ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشن اور ایک ریسکیو ڈرائیور یا دو ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشن جن میں ایک موٹر وے یا نیشنل ہائی وے سے ڈرائیونگ لائسنس کا حامل ہو گا کو متعین کیا جائے گا۔

وہ ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشن جو باقاعدہ ڈرائیونگ لائسنس اور اتھارٹی کی منظوری کے بعداپنی ڈیوٹی کے علاوہ گاڑی چلائے گا اس کو اضافی اجرت دی جائے گی۔ ایمرجنسی میڈیکل سروس کا سٹاف مکمل ریسکیو یونیفارم جس میںسرخ بیرٹ کیپ، سبز یونیفارم، ریفلیکٹنگ ہیلمٹ، سیفٹی شوزاور اپنی جسمانی فٹنس کو ہر صورت یقینی بنانے کا پابند ہو گا۔