مسلمان اس جمعہ کی نماز پڑھیں ، ہم ان کی حفاظت کے لیے کھڑے ہوں گے

نیوزی لینڈ کی زمین پر دہشت گردی کا واقعہ دوبارہ نہیں ہونے دیں گے۔ وزیراعظم جیسنڈا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 19 مارچ 2019 11:34

مسلمان اس جمعہ کی نماز پڑھیں ، ہم ان کی حفاظت کے لیے کھڑے ہوں گے
نیوزی لینڈ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 مارچ 2019ء) : نیوزی لینڈ میں پارلیمنٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم جیسنڈا کا کہنا ہے کہ مسلمان اس جمعہ کی نماز ادا کریں ہم ان کی حفاظت کے لیے کھڑے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی سرزمین پر دہشتگردی کا واقعہ دوبارہ نہیں ہونے دیں گے۔ وزیراعظم نیوزی لینڈ جسینڈا نے کہا کہ میں یہاں دہشت گردی کرنے والے کا نام لینا بھی پسند نہیں کروں گی اور آپ لوگ کبھی مجھ سے اس کا نام بھی نہیں سنیں گے۔

وہ ایک دہشت گرد ہے، ایک مجرم ہے اور وہ ایک انتہا پسند ہے لیکن وہ بے نام ونشان رہے گا۔ ہمیں ان لوگوں کا نام لینا چاہئیے جنہوں نے اپنی جان گنوا دی بجائے اس کے کہ اس کا نام لیا جائے جس نے جان لی۔ ہم نیوزی لینڈ میں اسے کچھ بھی نہیں دیں گے ، یہاں تک کہ نام بھی نہیں۔

(جاری ہے)

حملہ آور آسٹریلیا میں پلا بڑھا نیوزی لینڈ سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران دوسروں کی جان بچاتے ہوئے شہید ہونے والے بہادر پاکستانی شہری نعیم راشد کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

وزیراعظم نیوزی لینڈ جسینڈا نے کہا کہ نعیم راشد جن کا تعلق پاکستان سے ہے۔جو مساجد پر اندھا دھند فائرنگ کرنے والے حملہ آور سے بندوق چھیننے کے دوران میں شہید ہو گئے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ نعیم راشد نے مسجد کے اندر عبادت کرنے والے لوگوں کی جان بچانے کے لیے اپنی جان گنوا دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مساجد پر حملوں میں مرنے والوں کا تعلق اس مذہب سے تھا جو کشادہ دل کے ساتھ سب کا استقبال کرتے ہیں۔

جیسے 71 سالہ مسلمان نے دہشت گرد کو نہ جانتے ہوئے مسجد کا دروازہ کھولا اور اسے خوش آمدید کہا اسی طرح نیوزی لینڈ تمام امن پسندوں کو خوش آمدید کہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان اس جمعہ کی نماز پڑھیں گے، ہم مسلمانوں کی حفاظت اور ان کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ انہوں نے متاثرین کو یقین دہانی کروائی کہ انصاف کے تقاضے پورے اور دہشت گرد کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ میں آج پارلیمنٹ کے اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا۔ وزیراعظم جیسنڈا نے اجلاس میں اپنی تقریر کے آغاز پر شرکا کو اسلام علیکم کہا اور اجلاس میں دوسروں کی جان بچاتے ہوئے شہید ہونے والے بہادر پاکستانی شہری نعیم راشد کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی دو مساجد پر 15 مارچ کو جمعہ کے روز ایک سفید فام انتہا پسند نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 50 افراد شہید جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے تھے۔ شہید ہونے والوں میں 9 پاکستانی شہری بھی شامل ہیں۔