پیرا گون ہائوسنگ سوسائٹی سکینڈل میں سعد رفیق ،سلمان رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں 4 اپریل تک توسیع

قائمہ کمیٹی کے اجلاس کیلئے اسلام آباد میں موجود ہونے کیوجہ سے سعد رفیق کو پیش نہیں کیا جا سکا‘ جیل حکام کی عدالت میں درخواست حتمی رپورٹ کیوں نہیں آئی ، آئندہ سماعت پر حتمی رپورٹ کے حوالے سے آگاہ کیا جائے‘ احتساب عدالت کے جج کی پراسیکیوٹر کو ہدایت

منگل 19 مارچ 2019 14:17

پیرا گون ہائوسنگ سوسائٹی سکینڈل میں سعد رفیق ،سلمان رفیق کے جوڈیشل ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2019ء) احتساب عدالت نے پیرا گون ہائوسنگ سوسائٹی سکینڈل میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں 4 اپریل تک توسیع کردی ۔احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن نے پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی سکینڈل کی سماعت کی ۔ دوران سماعت جیل حکام نے خواجہ سعد رفیق کی درخواست کمرہ عدالت میں جمع کروا دی جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ اب تو اسلام آباد میں قومی اسمبلی کا اجلاس نہیں چل رہا ہے پھر وہ اسلام آباد میں کیوں ہیں۔

جیل حکام نے بتایا کہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانو و انصاف کا اجلاس ہے جس کی وجہ سے خواجہ سعد رفیق اسلام آباد میں ہیں۔تفتیشی افسر کی غیر حاضری پر عدالتی استفسار پر نیب حکام نے بتایا کہ تفتیشی افسر بیمار ہے ۔

(جاری ہے)

عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی سکینڈل کے حوالے سے حتمی رپورٹ کیوں نہیں آئی، آئندہ سماعت پر حتمی رپورٹ کے حوالے سے آگاہ کیا جائے۔عدالت نے بعد ازاںخواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کو مزید جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا تے سماعت 4 اپریل تک ملتوی کردی۔پولیس کی جانب سے احتساب عدالت کے اطراف میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ یکجہتی کے لئے آنے والے کارکنوں نے خواجہ برادران کے حق میں نعرے لگائے ۔