پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے ائیر انڈیا کو 60کروڑ کا نقصان ہوچکا ہے ‘ بھارتی میڈیا

مغربی ممالک کا فاصلہ مزید چار گھنٹے بڑھ گیا ،ری فیول کیلئے شارجہ اور ویانا میں لینڈ کرنا پڑتا ہے

منگل 19 مارچ 2019 14:17

پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے ائیر انڈیا کو 60کروڑ کا نقصان ہوچکا ہے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2019ء) پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے ائیر انڈیا کو 16 مارچ سے اب تک 60کروڑ کا نقصان ہوچکا ہے ، پروازوں کو یورپ اور امریکہ پہنچنے کے لیے گجرات، بحیرہ عرب سے ہو کر جانا پڑ رہا ہے، گزشتہ ہفتے دو بھارتی طیارے ٹکرانے سے بھی بال بال بچے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی فضائی حدود کی بندش کی وجہ سے بھارت پریشان ہو گیا ہے ۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق ائیر انڈیا کو 16 مارچ سے اب تک 60کروڑ کا نقصان ہوا ہے۔ امریکہ اور یورپی ممالک میں جانے کے لیے بھارتی طیاروں کو پہلے جنوبی گجرات اور بحیرہ عرب سے ہو کر جانا پڑ رہا ہے جبکہ ری فیول کے لئے شارجہ اور ویانا میں لینڈ کرنا پڑتا ہے۔پاکستانی فضائی حدود کی بندش کی وجہ سے مغربی ممالک کا فاصلہ مزید چار گھنٹے بڑھ گیا ہے جس کی وجہ سے بھارتی مسافر پریشانی کا شکار ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق فضائی حدود کی بندش کی وجہ سے گزشتہ ہفتے ممبئی کی فضائی حدود میں دو بین الاقوامی جہاز ایک دوسرے سے ٹکرانے سے بال بال بچے۔