تھر سے بدلے گا پاکستان نعرے نے کام دکھانا شروع کردیا ہے،وزیراعلیٰ سندھ

شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے جو خواب 1994 میں دیکھا تھا وہ خواب شرمندہ تعبیر ہو چکا ہے،سید مراد علی شاہ

منگل 19 مارچ 2019 19:12

تھر سے بدلے گا پاکستان نعرے نے کام دکھانا شروع کردیا ہے،وزیراعلیٰ سندھ
اسلام کوٹ / کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2019ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے منگل کو تھر کول بلاک ٹو کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعلی سندھ کے ہمراہ صوبائی وزیر توانائی امتیاز شیخ، مکیش چاولہ اور مرتضی وہاب چیئرمین اینگرو کارپوریشن غیاث خان بھی موجود تھے۔ سی ای او اینگرو انرجی احسن ظفر سید، ڈائریکٹر سائٹ سید مرتضی اظہر رضوی نے ان کا استقبال کیا۔

مراد علی شاہ نے 330 میگاواٹ کے بجلی گھر کا دورہ کیا اور پیداواری عمل کا جائزہ لیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ تھر سے بدلے گا پاکستان نعرے نے کام دکھانا شروع کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تھر کول کے 330 میگا واٹ پاور پلانٹ نے کام شروع کردیا ہے جس سے نیشنل گرڈ کو بجلی فراہمی شروع ہوگئی۔

(جاری ہے)

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ تھرکول سے ہی ملک میں خوشحالی آئے گی اور جو کہتے تھے تھرکول سے کچھ نہیں ہوگا، انہیں اب جواب مل گیا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ تھرکول سے بجلی پیدا ہوگئی تنقید کرنے والے کو منہ کی کھانا پڑی ہے۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ تھر کول بلاک 2 پر 330 میگاواٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خوشی کی بات ہے کہ کل رات 46 : 10 پر تھر کے کوئلہ سے بجلی پیدا ہو کر نیشل گرڈ میں شامل ہو چکی ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے جو خواب 1994 میں دیکھا تھا وہ خواب شرمندہ تعبیر ہو چکا ہے۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ تھر کے کوئلے کیلئے 2008 میں تھر کول انرجی بورڈ قائم کیا گیا تھا۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ پاور پروجیکٹ کا 10 اپریل کو بلاول بھٹو زرداری باقاعدہ طور پر افتتاح کریں گے۔ تھر کے لوگوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ تھر کی زمین سے کوئلہ نکلا اور اس سے بجلی کی پیداوار کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ لوگ کہتے تھے کہ تھر میں کوئلہ ہی نہیں ہے بلکہ اب ثابت ہو چکا ہے کے تھر کے کوئلے سے بجلی بھی بن رہی ہے۔

انہوں نے اینگرو کارپوریشن کے ساتھ ملکر کول پروجیکٹ پر کام کیا جس میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ تھر کے کول کی رائلٹی تھر فائونڈیشن کے حوالے کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 73 مقامی انجنیئر پاور پلانٹ پر کام کر رہے ہیں جو خوش آئند بات ہے۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ آج پاکستان کے لیے خوشی کا دن ہے۔ مرادعلی شاہ نے کہا کہ چائنیز حکومت کا شکر گزار ہیں۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے چیئرمین اینگرو کارپوریشن غیاث خان نے کہا کہ تھر کی عوام سندھ حکومت کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت پورے ملک کے لیے مثال قائم کیا ہے۔ غیاث خان نے کہا کہ تھر سمیت پورے ملک کے لوگوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جتنے بھی شک شبہات تھے وہ دور چکے ہیں، تھر کے کول سے بجلی بننا شروع ہو چکی ہے۔