کوئٹہ، بلوچستان میں کسی کے ساتھ بھی نا انصافی نہیں ہونے دینگے، اختر حسین لانگو

منگل 19 مارچ 2019 23:08

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مارچ2019ء) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء و اپوزیشن رکن اختر حسین لانگو نے کہا ہے کہ بلوچستان میں کسی کے ساتھ بھی نا انصافی نہیں ہونے دینگے کوئٹہ میں مقامی قبائل کی زمینوں پر قبضہ کرنے کے لئے مختلف حربے استعمال کئے جا رہے ہیں اور ڈی ایچ اے منصوبے کیلئے راستے بنائے جا رہے ہیں کاسی بحریہ ٹائون کے متاثرین کو ان کا حق دیا جائے ورنہ اپوزیشن جماعتیں اسمبلی فلور پر بھر پور آواز اٹھائیں گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب کے سامنے متاثرین کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے کارپوریشن سے اختیار لے کر کیو ڈی اے کو دیا گیا ہے اور کیو ڈی اے کی جانب سے من مانی کا سلسلہ جاری ہے اور کیو ڈی اے این او سی کے بہانے پر لوگوں کو حراساں کر رہا ہے اور کرپشن کے لئے راستے پیدا کرنے کیلئے ان کے کام نہیں کرتے بلوچستان نیشنل پارٹی کیو ڈی اے کی من مانی کو کسی صورت برداشت نہیں کرے گی یہ صرف کانسی بحریہ ٹائون کا مسئلہ نہیں بلکہ کاربار کرنے والوں کیلئے مشکلات پید اکی جا رہی ہیں اور دوسری طرف ڈی ایچ اے کے حوالے سے بھی شکایات زیادہ آ رہی ہیں اور تحصیل آفس میں لوگوں کی زمینں ٹرانسفر کرنے نہیں دیتے اور کم ریٹ پر لوگوں سے زمینیں لے کر ڈی ایچ کو دیتے ہیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں ان تمام معاملات پر بات کریں گے اور اگر مسئلہ حل نہیں ہوا توسخت احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے ۔