الخدمت ملک بھرمیں پانی کی8500سے زائد منصوبوں پر کام کررہی ہے ،حافظ نعیم الرحمن

پانی کامسئلہ سنگین ہو چکاہے ، جسے ہنگامی بنیادوں پرحل کرنے کی ضرورت ہے، امیرجماعت اسلامی کراچی کا خطاب

جمعہ 22 مارچ 2019 17:32

الخدمت ملک بھرمیں پانی کی8500سے زائد منصوبوں پر کام کررہی ہے ،حافظ نعیم ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2019ء) الخدمت کراچی کے تحت ’’پانی کے عالمی دن‘‘ کے موقع پر جمعہ کو شاہراہ فیصل سے متصل سڑ ک پرآگہی واک منعقد کی گئی ،جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کی ۔واک میں ایگز یکٹو ڈٖائریکٹر الخدمت راشد قریشی ،ڈائریکٹر کمیونٹی سروسز قاضی سید صدرالدین ودیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

اس موقع پر حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پانی سنگین مسئلہ بن چکا ہے جسے ہنگامی بنیادوںپر حل کرنے کی ضرورت ہے ۔پاکستان میں پانی کامسئلہ پرانا ہے ،مگر بدقسمتی سے اس سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات نہیں کیے گئے ،ڈیم بنانے کی باتیں ہورہی ہیں ،فنڈز بھی جمع کیے گئے،اللہ کرے یہ منصوبہ مکمل ہواورپانی ذخیرہ ہو تاکہ بحران ختم ہوسکے ۔

(جاری ہے)

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کراچی سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں لوگوں کو پانی کے مسائل درپیش ہیں ،کہیں آلودہ پانی ہے کہیں موجود ہی نہیں ہے اورلوگ مصائب کا شکار ہیں ۔

پانی انسان کی زندگی لازمی جز ہے ،لہٰذااس سے متعلق مسائل بھی حل کرنے ہوں گے ۔ڈیمز تعمیر کر نے ہوں گے اورپانی کے ضیا ع کو بھی روکنا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ الخدمت کے ملک بھر میں پانی کے 8500 سے زائد منصوبے کام کررہے ہیں ۔اس کے تحت شہر کے مختلف علاقوں میں 41واٹرفلٹریشن پلانٹس قائم ہیں ،جہاں سے یومیہ ہزاروں افر اد استفادہ کررہے ہیں ،یہ ایک مستحسن عمل ہے ،لوگوں کو چاہیے کہ نیکی کے کاموں میں الخدمت کا ساتھ دیں ۔