لاہور ،پنجاب پبلک سروس کمشن میں بھرتیوں کے طریقہ کار کے خلاف کیس کی سماعت

جنوبی پنجاب کو دیے جانے والے کوٹہ کے خلاف حکم امتناعی میں 29مارچ تک توسیع

جمعہ 22 مارچ 2019 23:12

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مارچ2019ء) لاہور ہائیکورٹ میں پنجاب پبلک سروس کمشن میں بھرتیوں کے طریقہ کار کے خلاف کیس کی سماعت،عدالت نے جنوبی پنجاب کو دیے جانے والے کوٹہ کے خلاف حکم امتناعی میں 29مارچ تک توسیع کر دی۔

(جاری ہے)

لاہورہائیکورٹ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے ایڈووکیٹ شیراذ ذکاء کی وساطت سے دائر درخواست پر سماعت کی، درخواوست گزار وکیل نے موقف اختیار کیا کہ پنجاب پبلک سروس کمشن میں بھرتیاں مخصوص کوٹہ کے تحت نہیں کی جا سکتیں ہیں،پنجاب حکومت نے پنجاب پبلک سروس کمشن کے لیے 9 مخصوص نشستیں جنوبی پنجاب کے لیے مختص کی ہیں درخواست گزار وکیل نے مزید کہا کہ پنجاب پبلک سروس کمشن میں بھرتیوں کے لیے مخصوص کوٹہ 2013 میں ختم ہو گیا اور آئین کے تحت پنجاب پبلک سروس کمشن میں مخصوص نشتوں پر بھرتیوں کا کوٹہ 40 سال کے لیے تھا اس لییآئین کے آرٹیکل 27 کے تحت مخصوص نشستوں پر بھرتیوں کا قانون ختم ہو چکا ہے ۔

درخواست گزار وکیل نے استدعا کی کہ عدالت پنجاب پبلک سروس کمشن میں پسماندہ علاقوں کے لیے مختص 9 مخصوص نشتیں کالعدم قرار دے، عدالت نے فریقین کو جواب جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے بعد جنوبی پنجاب کو دیے جانے والے کوٹہ کے خلاف حکم امتناعی میں 29 مارچ تک توسیع کر دی۔