ٹیم کوئٹہ کے حبیب اللہ نے ایس ایس پی ملیرٹریفک انویٹشن پاکستان زندہ باد سائیکل ریس جیت لی

ایس ایس پی ملیر ٹریفک نسیم آرا پنہورنے مزارقائد سے ریس کا افتتا ح کیا، انعامات بھی تقسیم کئے سندھ پولیس کے علی جگرو نے اپنی بنائی ہوئی 16فٹ لمبی موٹر بائیک بھی سائیکل ریس کے ساتھ چلائی

اتوار 24 مارچ 2019 18:45

ْکراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2019ء) جشن یوم پاکستا ن کے سلسلے میں سینئر سپرنٹینڈنٹ آف پولیس ضلع ملیر کراچی نسیم آرا پنہور کی سپرویژن میں اور کراچی و سندھ سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ملک کلیم احمد اعوان کی چیف آرگنائر زنگ شپ میں ہونے والی ’’یس ایس پی ملیرٹریفک انویٹشن پاکستان زندہ باد سائیکل ریس‘‘ ٹیم کوئٹہ کے حبیب اللہ نے 58منٹ 32سیکنڈ میں جیت لی ۔

40کلومیٹر طویل سائیکل ریس میں ٹیم لیاری ٹائیگر کے حذیفہ 25سیکنڈ کے فرق سے دوسرے اور ٹیم لیاری ونڈر کے سرور رشید 40سیکنڈ کے فرق سے تیسر ے نمبر پر رہے۔ سند ھ پولیس کے جوان علی محمد جگرو نے اپنی بنائی ہوئی ایشیا ء کی طویل ترین 16فٹ لمبی سائیکل بھی سائیکل ریس کے ساتھ ساتھ چلائی اور بہت خوبصورت مظاہرہ بھی پیش کیا۔

(جاری ہے)

سائیکل ریس کا افتتاح مزارقائد سے مہمان خصوصی نسیم آرا پنہور نے سندھ سائیکلنگ ایسوسی ایش کے چیئرمین عابد علی ایڈووکیٹ کے ہمراہ فلیگ آف کرکے کیا۔

سائیکلسٹ مزار قائد سے روانہ ہوکر جمشید روڈ، جیل روڈ، شہید ملت روڈ، بلوچ کالونی، کورنگی انڈسٹریل ایریا، شاہ فیصل کالونی، شاہراہ فیصل اور ملیر سے گزرنے کے بعد ایس ایس پی ٹریفک ملیر کے ہیڈ کوارٹرلانڈھی قائد آباد پہنچے اور ریس کا اختتام کیا جہا ں پر ہیڈ کوارٹر کے افسران و جوانوں نے سائیکلسٹوں کا شاندار استقبال کیا اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے۔

آخر میں مہمان خصوصی ایس ایس پی ٹریفک ملیر نسیم آر پنہور نے پوزیشن حاصل کرنے والے سائیکلسٹوں اور 16فٹ لمبی بائیک کے بانی علی جگرو میں نقد انعامات ، گولڈن ٹرافیاں ، شیلڈز اور سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔سائیکلسٹوں کے لئے شاندارظہرانہ کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔ مہمان خصوصی نسیم آرا نے چیف آرگنائزر کلیم اعوان کو ریس کی کامیابی پر شاندار خراج تحسین بھی پیش کیا۔