کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے پی ایس ایل فور کی کامیابی کا جشن مناتے ہوئے آرمی کی وردی پہن لی

اتوار 24 مارچ 2019 21:35

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے پی ایس ایل فور کی کامیابی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2019ء) کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے پی ایس ایل فور کی کامیابی کا جشن مناتے ہوئے آرمی کی وردی پہن لی۔پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا، ٹرافی کا تاج سر سجانے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کامیابی کا جشن سب سے پہلے کوئٹہ میں منانے کا فیصلہ کیا اور اس سلسلے میں صوبائی حکومت نے ٹیم کے اعزاز میں خصوصی تقریب منعقد کی۔

یوم پاکستان 23 مارچ والے دن منعقد کی گئی خصوصی تقریب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پوری ٹیم سمیت، کوچنگ اسٹاف اور ٹیم مالک بھی شریک ہوئے جبکہ تقریب میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اور کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ بھی شریک ہوئے ، تقریب کی خاص بات ٹیم کے کپتان سرفراز احمد تھے جو پاکستان آرمی کی وردی میں شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

کپتان سرفراز احمد نے پوری ٹیم کے ہمراہ بلوچستان کے لوگوں کے ساتھ ٹرافی کے ہمراہ جیت کا جشن منایا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر تصاویر بھی شیئر کی گئیں جن میں سرفراز احمد پاک فوج کی جیکٹ کے ہمراہ ٹوپی بھی پہنے ہوئے ہیں جبکہ اس موقع پر کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ اور ٹیم مالک سمیت دیگر شریک تھے۔