بھارت نے ملائیشین وزیراعظم کو فضائی حدود سے گزرنے سے روک دیا

مودی اس غیر معمولی اقدام کی ایک ممکنہ وجہ مہاتیر کی جانب سے بھارت پر پاکستان کوترجیح دینا ہوسکتی ہے،ماہرین

منگل 26 مارچ 2019 13:06

بھارت نے ملائیشین وزیراعظم کو فضائی حدود سے گزرنے سے روک دیا
نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2019ء) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی انتظامیہ نے ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد کو حالیہ دورہ پاکستان کے موقع پر بھارت کی فضائی حدود سے پرواز کی اجازت نہیں دی۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ اجازت آخری موقع پر واپس لی گئی تھی ، جس کی وجہ سے ملائیشیا کے وزیر اعظم کو خاصا لمبا فضائی سفر کرنا پڑا اور وہ بحیرہ عرب سے عمان تک گئے اور اس کے بعد اسلام آباد پہنچے۔

(جاری ہے)

عالمی تعلقات کے ماہرین کا کہنا تھا کہ اگر ایسا ہوا ہے تو بہت حیرت انگیز ہے کیوں کہ بھارت اور ملائیشیا کے دوستانہ تعلقات کی کئی سالوں سے اچھی تاریخ رہی ہے۔دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا حجم 10ارب ڈالرز سے زائد ہے ، جسے 2020تک 25ارب ڈالرز تک لے جانے کی امید کی جارہی ہے۔ بھارتی وزیراعظم مودی کی جانب سے اس غیر معمولی اور غیر سفارتی اقدام کی ایک ممکنہ وجہ وزیراعظم مہاتیر کی جانب سے بھارت پر پاکستان کوترجیح دینا ہوسکتی ہے۔