جنرل ہسپتال‘معدہ و جگر کے ڈاکٹروں کا فری میڈیکل کیمپ میں 300مریضوں کا چیک اپ و معائنہ

میڈیا عوام میں بیماریوں سے بچاؤ،بر وقت تشخیص اور فوری علاج معالجے کی آگاہی پیدا کرے ‘پرنسپل پی جی ایم آئی ہیپاٹائٹس تیزی سے پھیلتا ہوا مرض ،قابو پانے کیلئے ایل جی ایچ کے ڈاکٹرز کاوشیں برؤئے کار لا رہے ہیں‘پروفیسر محمد طیب

پیر 1 اپریل 2019 16:36

جنرل ہسپتال‘معدہ و جگر کے ڈاکٹروں کا فری میڈیکل کیمپ میں 300مریضوں کا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اپریل2019ء) پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و لاہور جنرل ہسپتال کے پروفیسر آف میڈیسن ڈاکٹر غیاث النبی طیب کی سربراہی میں لگائے گئے فری میڈیکل کیمپ میں معدہ و جگر کے امراض کے ڈاکٹرز نی300سے زائد مریضوں کا مفت میڈیکل چیک اپ کیا ،اُن کے تشخیصی ٹیسٹ ہوئے اور تفصیلی معائنہ کیا گیا جس کے بعد 36افراد ہیپاٹائٹس کے مرض میں مبتلا پائے گئے۔

پروفیسر غیاث النبی طیب کا کہنا تھا کہ ان مریضوں کو مفت علاج معالجے کی سہولت بھی فراہم کریں گے تاکہ یہ جلد از جلد صحت یاب ہو کر نارمل زندگی گزار سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہری کو کم از کم سال میں ایک مرتبہ اپنا تفصیلی معائنہ کروانا چاہیے تاکہ کسی بھی قسم کی بیماری کی صورت میں فوری علاج ممکن ہوسکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس فری میڈیکل کیمپ کے انعقاد کا مقصد لوگوں کو اُن کی دہلیز پر مفت تشخیصی اور علاج معالجے کی سہولتوں کی فراہمی ممکن بنانا تھا اورجنرل ہسپتال کے ڈاکٹرز آئندہ بھی اس سلسلے کو جاری رکھیں گے۔

پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر محمد طیب نے ذرائع ابلاغ سے بھی اپیل کی کہ وہ لوگوں میں شعور کی بیداری کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں اور اُن میں بیماریوں سے بچاؤ،بر وقت تشخیص اور فوری علاج معالجے کی آگاہی پیدا کریں کیونکہ ہمارے معاشرے میں غفلت ،سستی اور کوتاہی کا کلچر عام ہے جس کے باعث بیماریوں میں دن بدن ہوش ربا اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بالخصوص ہیپاٹائٹس تیزی سے پھیلتا ہوا مرض ہے جس پر قابو پانے کیلئے لاہورجنرل ہسپتال کے ڈاکٹرز انتہائی قابل ستائش کاوشیں برؤئے کار لا رہے ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں گجومتہ کی طرز پر شہر کے دیگر علاقوں میں بھی ایسے ہی فری میڈیکل کیمپس لگائے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس سہولت سے مستفید ہو سکیں ۔

متعلقہ عنوان :