حضرت لعل شہباز قلندر کا 767واں سالانہ عرس 18 شعبان کو شروع ہوگا

منگل 2 اپریل 2019 22:23

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اپریل2019ء) سندھ دھرتی کے عظیم صوفی بزرگ حضرت لعل شہباز قلندر کا 767واں سالانہ سہ روزہ عرس مبارک 18،19 اور 20 شعبان المعظم سہون شریف میں منعقد ہوگا- عرس مبارک کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے شہباز میلا کمیٹی کا اہم اجلاس ڈویزنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ کی زیر صدارت سہون شریف کے سید عبداللہ شاہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے ہال میںمنعقد ہوا - اجلاس میں ڈی آئی جی حیدرآباد نعیم شیخ ، چیئرمین میلا کمیٹی اور ڈپٹی کمشنر جامشورو کیپٹن رٹائرڈ فرید الدین مصطفیٰ ، ایس ایس پی جامشورو توقیر محمد نعیم، سید عبداللہ شاہ انسٹیٹوٹ آف میڈیکل سائنسز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر معین الدین صدیقی ، ڈی ایچ او جامشورو ڈاکٹر مشتاق احمد سولنگی ، سیکریٹری میلا کمیٹی اور اسسٹنٹ کمشنر سہون نور احمد کھوڑو ، سہون پریس کلب کے صدر کے کے بڑدی کے علاوہ رینجرز ، پولیس ، اسپیشل برانچ سمیت دیگر مختلف محکموں کے افسران و ضلعی انتظامیہ نے شرکت کی - اجلاس کے دوران باتیں کرتے ہوئے کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے کہا کہ موجودہ صورتحال کو نظر میں رکھتے ہوئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جارہے ہیں - سہون کے مختلف مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے جبکہ رواں سال بھی میلے کے دوران گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے جس کی وجہ سے پورے سہون شہر میں ٹھنڈے پانی کی سبیلیں قائم کی جائیں گی - اس موقع پر ڈی سی جامشورو فرید الدین مصطفیٰ نے کہا کہ حضرت لعل شہباز قلندر کا سالانہ عرس مبارک 18 شعبان سے شروع ہوگا جو کہ 20 شعبان تک تین روز جاری رہے گا اور اس ضمن میں انتظامات میں کسی بھی قسم کی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائیگاجبکہ عرس کی تقریبات میں لاکھوں عقیدتمند شریک ہوتے ہیں جن کی سہولت کے لیے بہتر انتظام کیے جائیں گے - ڈی آئی جی حیدرآباد نعیم شیخ اور ایس ایس پی جامشورو توقیر محمد نعیم نے بتایا کہ حضرت لعل شہباز قلندر کے عرس مبارک کے موقع پر سہون شریف میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں گے جس کے تحت 8 زون میں سیکیورٹی ہوگی جس میں 4 ہزار 500 پولیس اہلکار اور 300 سے زائد رینجرز کے جوان سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے جبکہ دیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاربھی سیکیورٹی کے فرائض ادا کریں گے - اجلاس میں کمشنر حیدرآباد نے کوتاہی برتنے پر محکمہ اوقاف کے افسران پر سخت برہمی کا اظہار بھی کیا-