لاہور ، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ سے مہنگائی کا طوفان آئے گا،صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی

حکومت غریب عوام پر بوجھ ڈالنے کی بجائے قیمتیں کم کرے، حکومت کے اس فیصلے سے ملکی معیشت پر بھی منفی اثرات مرتب ہوں گے، مہنگائی ،بے روزگاری کے بوجھ تلے دبے ہوئے عوام پر مزید مہنگائی کا بوجھ ڈالنا ظلم ہے،چیئرمین مرکزی علماء کونسل

منگل 2 اپریل 2019 22:33

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اپریل2019ء) چیئرمین مرکزی علماء کونسل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ سے مہنگائی کا طوفان آئے گا۔ حکومت غریب عوام پر بوجھ ڈالنے کی بجائے قیمتیں کم کرے۔ حکومت کے اس فیصلے سے ملکی معیشت پر بھی منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ مہنگائی ،بے روزگاری کے بوجھ تلے دبے ہوئے عوام پر مزید مہنگائی کا بوجھ ڈالنا ظلم ہے۔

مرکزی علماء کونسل پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ کو مسترد کرتی ہے اور فوری طور پر فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کرتی ہے۔یہ بات انہوں نے جامعہ دار العلوم حنفیہ لبرٹی مارکیٹ لاہور میں مرکزی علماء کونسل پنجاب کے عہدیداروںسے گفتگوکرتے ہوئے کہی ۔اس موقع پروائس چیئرمین حافظ شعیب الرحمن ،صدر پنجاب حافظ محمد امجد،مولانا سید ابوبکر شاہ،مولانا ابوسفیان حنفی، مولانا تاج محمود ریحان،قاری وقار احمد عثمانی،جنرل سیکرٹری پنجاب مولانا عبد المنان عثمانی،مولانا محمد مشتاق لاہوری،مولانا عمر قاسمی،حافظ مقبول احمد ،محمد طلحہ خان ایڈووکیٹ ودیگر بھی شریک تھے۔

(جاری ہے)

چیئرمین مرکزی علماء کونسل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے تیل کی قیمتوں میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر کم ہوئی تیل کی قیمتوں کے اثرات غریب عوام تک پہنچائے جائیں۔ غریب عوام غربت کی چکی میں پسے جارہے ہیں اور حکومت کے شاہانہ اخراجات کا بوجھ عوام ڈالاجارہا ہے۔ حکومت نے عام انتخابات میں عوام سے جو وعدے کئے تھے ان کو پورا کرے تاکہ غریب عوام کو دو وقت کی روٹی میسر ہوسکے۔

حکومت نے قیمتوں میں اتنا زیادہ اضافہ کردیا ہے کہ غریب عوام فاقہ کشی اور خودکشی پر مجبور ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اس فیصلے سے پیداواری سرگرمیاں متأثر ہوں گی ،برآمدات میں کمی اورزرعی شعبے کی مشکلات میں بھی اضافہ ہوگا۔ مہنگائی ،بے روزگاری ،غربت وافلاس کے سونامی نے عوام کا جینا مشکل کردیا ہے۔ صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ عوام کو خوشحال زندگی گزارنے کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ حکومت ایسے فیصلوں سے گریز کرے جن سے غریب عوام کی مشکلات میں اضافہ ہو اور ملکی ترقی ترقی کا پہیہ جام ہو۔