نواز شریف سے مولانا فضل الرحمن کا رابطہ ، دونوں رہنمائوں کا جلد ملاقات پر اتفاق

فضل الرحمن نے نواز شریف سے صحت بارے دریافت کیا ،ملکی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال

پیر 8 اپریل 2019 15:05

نواز شریف سے مولانا فضل الرحمن کا رابطہ ، دونوں رہنمائوں کا جلد ملاقات ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اپریل2019ء) سابق وزیر اعظم و پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف سے جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے رابطہ کیا ، دونوں رہنمائوں نے جلد ملاقات پر اتفاق کیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمن نے ٹیلیفونک رابطے میں نواز شریف سے صحت بارے دریافت کرنے کے ساتھ ملکی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیلی فونک رابطے میں دونوں رہنمائوں نے جلد ملاقات پر اتفاق کیا ہے جو جاتی امراء رائیونڈ میں ہو گی ۔ مولانا فضل الرحمن ملاقات میں نوازشریف کی خیریت بھی دریافت کریں گے اور آصف علی زرداری سے ہونے والی ملاقات بارے بھی بریف کریں گے ۔ملاقات میں نیب کیسز، اپوزیشن جماعتوں کے خلاف حکومتی رویے سمیت موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاجائے گا۔ جبکہ دونوں رہنمائوں کی ملاقات میں آئندہ کی حکمت عملی بھی طے کی جائے گی۔ واضح رہے کہ نوازشریف اور مولانا فضل الرحمن کی آخری ملاقات محترمہ کلثوم نواز کی وفات پر ہوئی تھی۔