محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے زیر اہتمام غذائیت سے متعلق ہفتہ آگاہی کا آغاز

پیر 8 اپریل 2019 16:00

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2019ء) محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے زیر اہتمام غذائیت سے متعلق ہفتہ آگاہی کا آغاز ہو گیا۔اس سلسلہ میں چیئر مین پی ایچ اے چوہدری لطیف نذر ایم پی اے نے جنرل ہسپتال حسیب شہید کالونی میں ہفتہ آگاہی مہم کا افتتاح کیا جبکہ اس موقع پر ایم ایس جنرل ہسپتال ڈاکٹر محمد اشرف ،انچارج ہفتہ غذائیت ڈاکٹر رخشندہ رانا اور ڈاکٹر محمد نعمان بھی موجود تھے۔

اس موقع پر چیئر مین پی ایچ اے چوہدری لطیف نذرنے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت صحت اور تعلیم کی معیاری سہولتیں عوام تک پہنچانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔انہوںنے کہا کہ سابقہ حکومتوں کے ادوار میں ملکی دولت کو بے دریغ لوٹا گیا اور غریب عوام کو زندگی کی ضروری سہولتوں سے محروم رکھا گیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے اقتدار میں آنے کے بعد نہ صرف ملکی دولت لوٹنے والوں کا کڑا حتساب شروع کردیا بلکہ لوگوں کو زندگی کی بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے ایک جامع پروگرام پر عملدرآمد کا آغاز بھی کر دیا گیا۔

انہوںنے کہا کہ تعلیم اور صحت کی معیاری سہولتیں لوگوں کا بنیادی حق ہے اور موجودہ حکومت یہ سہولتیں عوام کے گھروں کی دہلیز پر پہنچانے کیلئے ہر قسم کے وسائل بروئے کار لائے گی۔اس موقع پر انچارج مہم ڈاکٹر رخشندہ رانا نے بتایا کہ غذائیت کے بارے میں ہفتہ آگاہی مہم کا مقصد لوگوں کو خوراک اور اس کی افادیت سے آگاہ کرنا ہے تاکہ ایک صحت مند معاشرے کی بنیاد رکھی جا سکے۔

انہوںنے کہا کہ مہم کے دوران عورتوں اور بچوں کی غذائی ضرورت بارے بتایا جائے گا۔ اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر محمد اشرف نے گفتگو کرتے ہوئے جنرل ہسپتال کی کارکردگی اور مسائل بارے ایم پی اے چوہدری لطیف نذر کو آگاہ کیا۔انہوںنے کہا کہ جنرل ہسپتال حسیب شہید کالونی کے تمام شعبہ جات کی تعمیر کیلئے 55کروڑ روپے کی رقم درکار ہے۔فنڈز کی کمی کے باعث ہسپتال کے شعبہ جات غیر فعال ہیں۔

فنڈز ملنے سے تمام شعبہ جات مکمل طور پر فعال ہو جائیں گے جو علاقے کے لوگوں کو صحت کی بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے کافی ہیں۔اس موقع پر ایم پی اے چوہدری لطیف نذر نے ایم ایس ڈاکٹر محمد اشرف کو یقین دلایا کہ وہ بہت جلد اس ہسپتال کیلئے فنڈز کا انتظام کریں گے اور اس ہسپتال میں دیگر سہولتیں فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ایک گائینی وارڈ بھی تعمیر کی جائے گا۔