بینائی سے محروم افراد کو ترقی کے بھرپور مواقع مہیا کئے جائیں،سید قاسم نوید قمر

منگل 9 اپریل 2019 00:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اپریل2019ء) وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے بحالی خصوصی افراد سید قاسم نوید قمر نے کہا ہے کہ بینائی سے محروم افراد کو ملازمتوں میں مناسب حصہ دیا جائے تاکہ وہ ایک باعزت زندگی گزارنے کے قابل ہو سکیں۔اور اس سلسلے میں محکمہ بحالی خصوصی افراد نے متعدد اقدامات بھی کئے ہیں۔ یہ بات انہوں نے ایک غیر سرکاری تنظیم کے وفد سے اپنے دفتر میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر این جی او کی ایڈمنسٹریٹر ملیحہ امین اور میڈیا ہیڈ علی ترین خان بھی موجود تھے۔ وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے بحالی خصوصی افراد سید قاسم نوید قمر نے بتایا کہ خصوصی افراد اور بچوں کی بحالی کے لئے ان کی سیاسی قیادت اور خصوصا چیئرمین بلاول بھٹو زرداری خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں اور ان کی واضح ہدایت ہے کہ خصوصی افراد کو باعزت زندگی گزارنے کے بھرپور مواقع مہیا کئے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ان خصوصی افراد کی بحالی اور روزگار کی فراہمی کے لیے مناسب انتظامات کیے جائیں۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ بینائی سے محروم افراد بے انتہا صلاحیتوں کے مالک ہوتے ہیں اور اگر ان کو مناسب مواقع مہیا کئے جائیں تو حیران کن نتائج دے سکتے ہیں۔ سید قاسم نوید قمر نے وفد کے ارکان سے درخواست کی کہ وہ ایک ورکنگ پیپر تیار کریں اور حکومت کی راہنمائی کریں کہ کن شعبوں میں بینائی سے محروم افراد کے لیے ملازمتوں کا بندوست کیا جائے۔

اس موقع پر وفد کے ارکان نے وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے بحالی خصوصی افراد سید قاسم نوید قمر کو بتایا کہ کراچی یونیورسٹی بینائی سے محروم طلباکو فیس معافی کی سہولت دیتی تھی جو اس نے ختم کردی ہے۔ وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے بحالی خصوصی افراد سید قاسم نوید قمر نے ان کو یقین دلایا کہ وہ اس سہولت کو برقرار رکھنے کے لئے کراچی یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور وزیر اعلی سندھ سے بات کریں گے اور انہیں امید ہے کہ یہ مسئلہ حل ہو جائے گا۔