اوکاڑہ پولیس کی منشیات فروشی کے خلاف بڑی کارروائی

چک 49 ٹو ایل میں ایک مکان پر چھاپہ مار 180 لیٹر شراب برآمد کر لی

Umer Jamshaid عمر جمشید منگل 16 اپریل 2019 17:03

اوکاڑہ پولیس کی منشیات فروشی کے خلاف بڑی کارروائی
اوکاڑہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16 اپریل 2019ء) اوکاڑہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اطہر اسماعیل کی جانب سے جاری منشیات کے خلاف مہم کے دوران تھانہ صدر اوکاڑہ نے بڑی کامیابی حاصل کر لی جس میں شراب کی چالو بھٹی، بھاری مقدار میں شراب اور شراب کشیدگی کا سامان قبضہ میں لے لیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفسر اطہر اسماعیل نے ضلع بھر میں منشیات کے خلاف بھرپور مہم جاری رکھنے اور ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے خصوصی ہدایت جاری کی ہوئی ہیں۔

اس دوران ڈی ایس پی صدر چودھری ضیاء الحق نے تھانہ صدر کی حدود کے لیے انسپکٹر ایس ایچ او صدر اوکاڑہ اعجاز احمد ڈوگر کو حکمت عملی مرتب کر کے دی جس کے تحت پولیس نے چک49 ٹو ایل میں چھاپہ مارا جہاں ملزم محمد امین ولد محمد رمضان نے اپنے گھر کی چھت پر شراب کشید کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہوا تھا۔

(جاری ہے)

اسے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا اور یہاں سے 180 لیٹر تیار شراب، شراب تیار کرنے کا سامان ڈرم، چولہا اور دیگر سامان برآمد کر کے اپنے قبضہ میں لے لیا۔

ملزم محمد امین نے پولیس سے بچنے اور مکروہ دھندہ جاری رکھنے کے لیے چھت کا انتخاب کیا تھا لیکن پولیس نے اس کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اطہر اسماعیل نے بھاری مقدار میں شراب برآمد کرنے اور ملزم کو گرفتار کرنے پر چھاپہ مار ٹیم، ایس ڈی پی او چودھری ضیاء الحق، ایس ایچ او اور جاوید اسلم اے ایس آئی کو شاباش دی ہے اور اُمید ظاہر کی ہے کہ پولیس کے دیگر افسران اور ملازمین اس طرح کی کارروائیوں کے نتیجہ میں ضلع اوکاڑہ کو منشیات سے پاک کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :