سندھ حکومت متحرک ہو گئی، شہر قائد میں پیپلز بس سروس کو بحال کرنے کا اعلان کر دیا گیا

بدھ 17 اپریل 2019 16:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2019ء) میڈیا پر خبریں نشر ہونے کے بعد سندھ حکومت متحرک ہو گئی۔ شہر قائد میں پیپلز بس سروس کو بحال کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے شہریوں کی مشکلات میں کمی ہو گئی۔ پیپلز بس سروس انتظامیہ کے مطابق حکومت سندھ کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے بعد بسوں کو مرحلہ وار شروع کیا جا رہا ہے۔

پہلے مرحلے میں چار بسوں کو شروع کر دیا گیا ہے جو سڑکوں پر رواں دواں ہے جب کہ مزید دو بسوں کو جلد روٹ پر چلا دیا جائے گا۔سندھ حکومت نے گزشتہ سال 2018 میں قائد آباد سے ٹاور تک 10 ائر کنڈیشنڈ (اے سی) بسیں چلائی تھیں۔ گزشتہ سال 15 اپریل کو سندھ حکومت نے بڑے اعلانات کے ساتھ بس سروس کا آغاز کیا تھا۔انچارج سٹی بس سروس ریحان اللہ کا کہنا تھا کہ ڈیزل کے پیسے بڑھنے کے باوجود ہمارے کرائے نہیں بڑھائے گئے جب کہ سندھ حکومت نے ہمارے ساتھ کیے گئے معاہدے میں بھی توسیع نہیں کی تھی۔

(جاری ہے)

جس کی وجہ سے بس سروس کو بند کیا۔گنجان آباد شہر میں سندھ حکومت کی جانب سے صرف 10 بسیں چلائی گئی تھیں اور جن میں صرف 30 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش تھی جب کہ سندھ حکومت کی جانب سے مزید بسیں بھی جلد چلانے کا اعلان کیا گیا تھا تاہم مزید بسیں تو نہ چل سکیں لیکن جو 10 بسیں چلائی گئی تھیں وہ بھی بند کرنی پڑیں۔سندھ حکومت کی جانب سے گزشتہ سال چلائی گئی بس سروس تقریبا 10 سال بعد چلائی گئی تھیں اس سے قبل سابق میئر کراچی نعمت اللہ خان نے کراچی کو بڑی بسوں کا تحفہ دیا تھا۔