Live Updates

مہنگائی کے ہاتھوں پریشان عوام کو ریلیف دینے کی تیاریاں

شیخ رشید کے مطابق وزیر خزانہ نے رمضان پیکیج کی مد میں دو ارب روپے جاری کر دیئے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 18 اپریل 2019 13:11

مہنگائی کے ہاتھوں پریشان عوام کو ریلیف دینے کی تیاریاں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 اپریل 2019ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر وزیر خزانہ اسد عمر نے دو ارب روپے کا رمضان پیکیج دیا ہے۔ ا س پیکیج کے جاری کرنے کا مقصد رمضان المبارک کے دوران غریب عوام تک بنیادی اشیائے خورد و نوش کی رسائی ہے، تاکہ اُنہیں فائدہ ہو سکے۔ شیخ رشید نے بتایا کہ اس رمضان پیکیج کی منظوری وزیر اعظم کی ہدایت کے بعد وفاقی کابینہ کی جانب سے دی گئی ہے۔

دو ارب روپے کے اس رمضان پیکیج میں 19 اشیاء شامل ہوں، جبکہ سرکاری پناہ گاہوں میں سحری و افطاری کا بندوبست بھی اس پیکیج میں مختص رقم کے ذریعے کیا جائے گا۔ اس رمضان پیکیج کو پانچ وزراء پر مشتمل ایک کمیٹی سُپروائز کرے گی۔ رمضان المبارک کے مہینے میں اندھا منافع کمانے والے منافع خوروں کو بھی حد میں رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ گزشتہ روز ااقتصادی رابطہ کمیٹی نے رمضان پیکیج کے نفاذ کے عمل کی نگرانی کے لیے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کی سربراہی میں چار رُکنی کمیٹی قائم کی تھی۔

اس دوران یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کو بھی اشیائے خورد و نوش کی خریداری کو عمل تیز کرنے کی ہدایت کی تھی تاکہ رمضان المبارک کے دوران لوگوں کو بروقت اور سستی اشیاء کی فراہمی ہو سکے۔حکومت کی جانب سے اس ضمن میں وزارت داخلہ کو بھی ہدایت جاری کی گئی ہیں۔ وزارت کے نام جاری مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ ذخیردہ اندوزوں اور بلیک مارکیٹ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ ہر ضلع میں اہم مارکیٹوں کے لیے افسران کا ڈیوٹی روسٹر بنایا جائے اور متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مجسٹریٹ کے اختیارات دیئے جائیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات