شہر یار آفریدی کی اورماڑہ میں دہشت گردی کے واقعے کی شدید مذمت

ْ دہشت گردوں کو انکی کمین گاہوں سے نکال کر عبرت کا نشان بنائیں گے،وزیر مملکت برائے داخلہ

جمعرات 18 اپریل 2019 14:08

شہر یار آفریدی کی اورماڑہ میں دہشت گردی کے واقعے کی شدید مذمت
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2019ء) وزیر مملکت برائے داخلہ شہریارخان آفریدی نے اورماڑہ میں دہشت گردی کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ دہشت گردوں کو انکی کمین گاہوں سے نکال کر عبرت کا نشان بنائیں گے۔ ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ حالیہ دہشت گرد حملوں کی ٹائمنگ اس امر کا اظہار ہے کہ دشمن پاکستان کو ایف اے ٹی ایف اور دیگر عالمی فورم پر نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ بزدل دہشت گردوں نے غیرملکی آقاؤں کو خوش کرنے کیلئے نہتے شہریوں کو ٹارگٹ کرکے وطن فروشی کا ثبوت دیا ہے۔انہوںنے کہاکہ دہشت گردوں کو انکی کمین گاہوں سے نکال کر عبرت کا نشان بنائیں گے۔انہوںنے کہاکہ نہتے شہریوں کے بے رحمانہ قتل نے اے پی ایس حملے کی یاد تازہ کر دی ہے۔ انہوںنے کہاکہ پھر تمام سیاسی جماعتوں اور اداروں کو متحد ہو کر دہشتگردی کے خلاف حکومت کے ہاتھ مضبوط کرنا ہونگے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستانیوں کے خلاف دہشت گردوں کے ناپاک عزائم سب کے سامنے آچکے ہیں۔ اب ریاست دہشتگردوں کو چن چن کر عبرت کا نشان بنائیگی۔