Live Updates

اسد عمر اپنا استعفیٰ واپس لینے پر غور کریں

پی ٹی آئی وزیر علی زیدی نے اسد عمر کے حق میں ٹویٹ کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 19 اپریل 2019 14:30

اسد عمر اپنا استعفیٰ واپس لینے پر غور کریں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 اپریل 2019ء) : گذشتہ روز اسد عمر نے وزارت خزانہ سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد انہوں نے اپنا استعفیٰ وزیراعظم عمران خان کو بھجوادیا تھا۔ تاہم اب پاکستان تحریک انصاف کے وزیر علی زیدی نے اسد عمر کے حق میں ٹویٹ کرتے ہوئے انہیں مشورہ بھی دے دیا ۔ مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ اسد عمر اپنا استعفیٰ واپس لینے پر غور کریں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت اہم بات یہ ہے کہ اسد عمر جلد از جلد استعفیٰ دینے کا فیصلہ واپس لیں اور جتنا جلدی ہو سکتا ہے کابینہ میں دوبارہ شامل ہو جائیں۔
قبل ازیں وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے اسد عمر سے دوبارہ وفاقی کابینہ کا حصہ بننے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

(جاری ہے)

زلفی بخاری نے بھی مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ اسدعمر اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں۔

پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان کی اسد عمر سے امیدیں وابستہ ہیں ۔ملک کو اسد عمر کی کابینہ میں موجودگی کی اشد ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ کابینہ ڈویژن نے وفاقی وزیروں، مشیروں اور معاونین کا نوٹی فکیشن جاری کیا جس میں اسد عمر تاحال وزیر خزانہ کی فہرست پر موجود ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ اسد عمر اپنا استعفیٰ وزیراعظم عمران خان کو بھجوا چکے ہیں، لیکن وزیراعظم عمران خان نے تاحال اسد عمر کا استعفیٰ قبول نہیں کیا۔

اسد عمر کے استعفے سے متعلق آج شام تک فیصلہ ہونے کا امکان ہے۔خیال رہے کہ اسد عمر کی اچانک تبدیلی اور وفاقی کابینہ میں بڑے پیمانے پر قلمدان تبدیل ہونے نے کئی سوالات کو جنم دے دیا ہے جبکہ اسد عمر کے استعفے کی ٹائمنگ کو بھی غیر مناسب قرار دیا جا رہا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات