نوجوانوں کو مثبت اور صحت مند سرگرمیوں میں شامل کر کے ان کو معاشرہ کا مفید شہری بنانا ہی پی ٹی آئی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے‘شیخ راشد شفیق

یہ خوشی کی بات ہے کہ نوجوان نسل غیر نصابی سرگرمیوں میں حصہ لے رہی ہے‘اس طرح کے ٹورنامنٹ کے انعقاد سے نوجوان غلط راہوں پر چلنے سے بچتی ہے

جمعہ 19 اپریل 2019 15:18

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2019ء) نوجوانوں کو مثبت اور صحت مند سرگرمیوں میں شامل کر کے ان کو معاشرہ کا مفید شہری بنانا ہی پی ٹی آئی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، نوجوانوں کی اکثریت کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ بہبود آبادی پنجا ب نے نوجوانوں کو قومی دھارے میں مثبت سرگرمیوں کے ذریعے شامل کرنے کی جو کاوشکی اس کو سراہاتے ہیں ۔

اس سوچ کے ساتھ ضلع راولپنڈی میں کرکٹ ٹورنانمنٹ کا انعقاد قابل تحسین ہے۔ضلعی دفتر بہبود آبادی اور ڈسٹرکٹ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام شہباز شریف پارک کرکٹ سٹیڈیم میں T10 کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں چھ ٹیموں نے حصہ لیا۔ ٹورنامنٹ آرگنائزئنگ کمیٹی میں ڈپٹی سی این ٹی رانا اظہر محمود،آغا ندیم، راجا نزاکت،خالد جمیل، ایاز عباسی،ندیم الرحمن شامل تھے ،ٹورنامنٹ کا فائنل پنڈی ٹائیگرز اور ڈیسنٹ کرکٹ کلب کے درمیان کھیلا گیا۔

(جاری ہے)

فائنل میچ میں دونوں ٹیموں کی طرف سے بہترین کھیل پیش کیا گیا،پنڈی ٹائگر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ دس اوور میں86رنز بنائے ،جواب میں ڈیسنٹ کلب نے مطلوبہ ہدف 9.4اوور میں 5وکٹوںپر حاصل کیااور ٹورنامنٹ اپنے نام کیا ۔اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی شیخ راشد شفیق نے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ نوجوان نسل غیر نصابی سرگرمیوں میں حصہ لے رہی ہے۔

اس طرح کے ٹورنامنٹ کے انعقاد سے نوجوان غلط راہوں پر چلنے سے بچتی ہے اور اس کو بہتر ماحول میسر آتا ہے۔محکمہ بہبود آبادی کی یہ اچھی کاوش ہے،ان صحت مند سرگرمیوں میں خواتین کی شمولیت سے ان کا پروگرام گھر گھر پہنچے گا۔محکمہ بہبود آبادی کو اس طرح کے ایونٹس تواتر سے کروانے چاہیے اس طرح کے مختلف ایونٹس سے ان کا پیغام معاشر ے میں زیادہ آسانی اور موثر طریقے سے پہنچے گا۔

اس موقع پر ضلعی آفیسر بہبود آبادی شیریں سخن نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹورنامنٹ کے انعقاد کا مقصد نہ صرف غیر نصابی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے بلکہ اس کے ذریعے نوجوان نسل کو بہبود آبادی پروگرام کے بارے میں آگاہی دینا ہے اس بڑھتی ہوئی آبادی سے پیدا ہونے والے مسائل سے زی شعور کی آگاہی وقت کی ضرورت بن چکا ہے ۔ہماری پوری کوشش ہے کہ بہبود آبادی پروگرام کو گھر گھر پہنچائیں تاکہ مسائل پر قابو پایا جاسکے۔

ضلعی آفیسر شریں سخن نے اس موقع پر آرگنائزئنگ کمیٹی کی کاوشیوں کو سراہاتے ہوے کہا کہ اس ٹورنامنٹ کی کامیابی کا سہرا ان کے سر جاتا ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ تمام ٹیموں نے ڈسپلن اورنظم و ضبط کا مظاہرہ کیا جس پروہ مبارک بادکے مستحق ہیںاور کہا کے ٹورنامنٹ کا مقصد بھی یہی تھا کہ نوجوانوں میں ڈسپلن اورنظم و ضبط پیدا کیا جاے تاکہ وہ آگے چل کر مفید شہری ثابت ہوں اور پاکستان کو مزید مستحکم کرنے میں کردار ادا کر سکیں۔آخر میں مہمان خصوصی شیخ راشد شفیق اور ضلعی آفیسر بہبود آبادشیریں سخن نے کرکٹ ٹورنامنٹ کی ونر اور رنر اپ ٹیموں میں ٹرافیاں تقسیم کی۔