ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی اور تخفیف غربت کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں تحقیق اشد ضروری ہے،

حکومت آئی ٹی کے شعبہ کی صلاحیت اور اہمیت سے بخوبی آگاہ ہے اور اسے قومی ترجیح بنایا گیا ہے، چوتھا صنعتی انقلاب ہمارے طرز زندگی کو تبدیل کررہا ہے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی وزیراعظم ٹاسک فورس برائے آئی ٹی و ٹیلی کام کی طرف سے دی گئی بریفنگ کے دوران اظہار خیال

جمعہ 19 اپریل 2019 16:29

ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی اور تخفیف غربت کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2019ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی اور تخفیف غربت کے لئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں تحقیق اشد ضروری ہے، حکومت آئی ٹی کے شعبہ کی صلاحیت اور اہمیت سے بخوبی آگاہ ہے اور اسے قومی ترجیح بنایا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بات وزیراعظم کی ٹاسک فورس برائے آئی ٹی و ٹیلی کام کی طرف سے جمعہ کو ایوان صدر میں دی گئی بریفنگ کے دوران کہی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صدر نے کہا کہ چوتھا صنعتی انقلاب ہمارے طرز زندگی کو تبدیل کر رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نئی ٹیکنالوجیز سے مثبت تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں۔ نئی ٹیکنالوجیز کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لئے اچھوتے تصورات اور نئے اقدامات کی ضرورت ہے۔ صدر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ٹاسک فورس کا بنیادی مقصد موجودہ آئی ٹی اور ٹیلی کام ڈھانچے کا جائزہ اور اس میں بہتری کی سفارشات پیش کرتے ہوئے غربت میں کمی اور کاروبار کو وسعت دینا ہے۔ انہوں نے ٹاسک فورس کو سونپے گئے مینڈیٹ کی تکمیل کے لئے اپنی ہر ممکنہ معاونت کی یقین دہانی کرائی۔