حکومت نے معاشرے سے بدعنوانی کو ختم کرنے کا عزم کر رکھا ہے ، ندیم افضل چن

ہفتہ 20 اپریل 2019 01:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2019ء) وزیراعظمکے ترجمان ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ حکومت نے اپنے پہلے دن سے ہی معاشرہ سے بد عنوانیوں کے خاتمے کا عزم کر رکھا ہے اور بدعنوانی کی کارروائیوں میں ملوث عناصر سزاسے بچ نہیں پائیں گے۔ انہوں نے جمعہ کو نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر اسد عمر سے وزارت واپس لی جا سکتی ہے تو پھرکابینہ کے دیگر ارکان کے بارے میں بھی اسی طرح کا عمل درآمد کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نے وا شگاف طور پر اعلان کیا تھا کہ اگر وزراء اپنے قلمدانوں کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں تو انہیں بہتر کارکردگی دکھانا ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات ونشریات کے لئے وزیراعظم کی نئی مقرر کی گئی معاون خصوصی تجربہ کار اور منجھی ہوئی سیاست دان ہیں جو مؤثر طریقے سے عوام کی خدمت کریں گی ۔انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی کابینہ میں نئے آنے والوں پر بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے اور امید ظاہر کی کہ وہ ملک کی بہتری کے لئے مخلصانہ کام کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم پنجاب کے وزیراعلی اور اس کی کابینہ کی کارکردگی کی باقاعدگی سے نگرانی کررہے ہیں اور اس پر بھی دانشمندانہ فیصلہ کریں گے۔