Live Updates

اسد عمر سے وزارت واپس لینے میں جہانگیر ترین کا کتنا ہاتھ ہے

لابنگ اور گروپ بندی نے پارٹی کے اصل منشور کو مسخ کر ڈالا

Sajjad Qadir سجاد قادر اتوار 21 اپریل 2019 06:15

اسد عمر سے وزارت واپس لینے میں جہانگیر ترین کا کتنا ہاتھ ہے
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 اپریل 2019ء) جب سے اسد عمر کو وزارت سے ہٹایا گیا ہے تو عوام میں ملا جلا ردعمل آ رہا ہے۔کچھ کہتے ہیں کہ اسد عمر کو نہیں ہٹانا چاہیے تھا جبکہ کچھ کہتے ہیں کہ کپتان کا فیصلہ ہے تو ٹھیک ہی ہو گا مگر حقیقت کیا ہے اس سے متعلق قیاس آرائیاں ہی کی جا رہی ہیں۔وزارت چھوڑنے کے بعد اسد عمر بھی منظر سے تقریباً غائب ہیں اور وہ کابینہ کی میٹنگ میں بھی نہیں آئے۔

اسد عمر سے متعلق سبھی وزرا کہہ رہے ہیں کہ وہ ناراض نہیں ہیں اور جلد واپس آئیں گے مگر حالات کچھ اور بتا رہے ہیں۔جبکہ عمران خان صاحب بھی بار بار یہ کہہ رہے ہیں کہ چاہے کچھ بھی ہو جائے میں اسد عمر کو وپس لاﺅں گا۔یہ بات تو ٹھیک ہے کہ وہ واپس لائیں گے مگر وزیراعظم صاحب اس بات کا جواب بھی دے دیں کہ انہیں ہٹایا کیوں گیا تھا۔

(جاری ہے)

اسد عمر کو وزارت سے ہٹانے سے متعلق کئی باتیں میڈیا میں ڈسکس کی جا رہی ہیں،کچھ کے مطابق اسٹیبلشمنٹ کو پسند نہیں تھا جبکہ کچھ کے مطابق آئی ایم ایف کا ایجنڈا ہے تو کچھ کے مطابق انٹرنیشنل بزنس مافیا کا کام ہے۔

جبکہ اس بات کی حقیقت سے پردہ سنیئر صحافی منصور علی خان نے اپنے پروگرام میں اٹھایا۔انہوں نے اپنے پروگرام میں جہانگیر ترین کی ایک ٹیلیفونک کال چلائی جو انہوں نے ندیم ملک کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ فیصلے وقت پر کر لینے چاہئیں اگر وقت پر نہ کیے جائیں تو نقصان ہوتا ہے۔اس کے بعد انہوںنے اسد عمر کی ایک پریس کانفرنس کی فوٹیج چلائی جس میں وہ جہانگیر ترین کو بالواسطہ کہہ رہے تھے کہ ان افلاطونوں سے کہیں کہ فیصلے وقت پر ہی ہوتے ہیں۔

مجھے پتا ہے کہ میں اپنی عوام پر کتنا بوجھ ڈال سکتا ہوں نہ کہ ان افلاطونوں کو۔یوں اسد عمر نے جہانگیر ترین کی ایک پروگرام میں کال کا جواب پریس کانفرنس کے ذریعے دیا۔اب آپ کو اندازہ ہو گیا کہ جہانگیرترین اور اسد عمر کے درمیان کیاچل رہا تھا اور کون سا فیصلہ لیٹ ہوا جس کی پاداش میں اسد عمر کی قربانی دے دی گئی۔اس سے یہ بھی لگتا ہے کہ جہانگیر ترین نے آغاز میں ہی اسد عمر اور وزیر اعظم کو آئی ایم ایف سے قرضہ لینے کا مشورہ دے دیا تھا مگر وہ نہیں مانے تھے اور جب آخر میں جانا پڑا تو جہانگیر ترین نے بتا دیاکہ فیصلوں میں اگر تاخیر ہو جائے تو ان کا خمیازہ بھی بھگتنا پڑتا ہے۔

اسد عمر سے وزارت واپس لینے میں جہانگیر ترین کا کتنا ہاتھ ہے
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات