Live Updates

حکومت ضم شدہ قبائلی اضلاع کی 70 سالہ محرومیوں کو دور کرنے کیلئے دن رات کو ششیںکر رہی ہے،محمودخان

اتوار 21 اپریل 2019 18:55

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2019ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمودخان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی موجود حکومت ضم شدہ قبائلی اضلاع کی 70 سالہ محرومیوں کو دور کرنے کیلیے دن رات کو ششیںکر رہی ہے اور بہت جلد ان علاقوں میں بلدیاتی حکومتیں قائم کر کے حقیقی معنوں میں اختیارات عوام کو منتقل کر دیئے جائیں گے، تمام ترقیاتی منصوبے عوام کی مشاورت سے شروع کئے جائیں گے تاکہ ان علاقوں میں ایک عوامی حکومت کو فروغ دیا جاسکے۔

وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ سے جاری کردہ ایک بیان میں محمودخان نے کہا کہ قبائلی علاقوں کے عوام کو نہ صرف ایف سی آر کے قانون نے 70 سال تک ترقی کے عمل سے دور رکھا بلکہ پچھلے 14 سال کی دہشتگردی نے کاروباری سرگرمیوں اور گھروں کو بھی تباہ کر دیا گیا، موجود حکومت کی تمام تر توجہ اب انہی محرومیوں کو دور کرنے پر مرکوز ہے تاکہ جلد از جلد ضم شدہ قبائلی اضلاع کے عوام کو تیزترترقی دی جاسکے، اب وقت آچکا ہے کہ ضم شدہ قبائلی اضلاع کے عوام بھی ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے پختونوں کے نام پر سیاست کرنے والوں کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پشتون قوم کو اب مزید ان نعروں پر دھوکہ نہیں دیا جاسکتا، کئی دہائیوں کے بعد ترقی کا سفر شروع ہوا ہے اور پختونوں کے نام پر سیاست کرنے والے اپنے ناپاک عزائم کی خاطر اس ترقی کے عمل کو روکنے کی کوششیں کر رہے ہیں، موجودہ حکومت کی قیادت پشتون قیادت ہے اور ہمیں اپنی قوم کی محرومیوں کا بخوبی اندازہ ہے اور انکے سدباب کے لیے ہر ممکن کوششیں جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہاکہ آنے والے دس سال قبائلی علاقوں کے عوام کی ترقی میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا اور اب ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام موجودہ حکومت کے ساتھ ملکر اپنی تقدیر بدلیں۔ انہو ںنے کہا ہے کہ تھوڑے سے عرصے میں موجودہ حکومت نے وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات پر تمام ضم شدہ قبائلی اضلاع کے عوام کو صحت انصاف کارڈز مہیاء کئے جارہے ہیں* جس کے ذریعے ایک گھرانے میں موجود افراد 7لاکھ 20 ہزار تک علاج کسی بھی سرکاری یا پرائیویٹ ہسپتال میں مفت کروا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قلیل عرصہ میں موجودہ حکومت نے ان علاقوں کے نوجوانوں کیلئے ایک ارب روپے لاگت پر روزگار سکیم کا افتتاح بھی کر دیا ہے جس کے تحت نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کیلئے 50 ہزار سے لے کر 10 لاکھ تک بلا سود قرضے فراہم کیے جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ یہ اقدامات موجودہ حکومت کی خلوصِ نیت اور ترقیاتی منصوبوں کی تیز رفتاری کا منہ بولتا ثبوت ہے، تاریخ می پہلی مرتبہ خیبرپختونخوا کے عوام نے دوسری مرتبہ تحریک انصاف کی حکومت پر اعتماد کیا ہے اور ہم دن رات محنت کر کے عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات