الیکشن کمیشن نے سابق قبائلی علاقہ جات کے صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں انتخابات کے تناظر میں سیاسی جماعتوں سے خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پر ترجیحی امیدواروں کی فہرستیں طلب کر لیں

پیر 22 اپریل 2019 16:36

الیکشن کمیشن نے سابق قبائلی علاقہ جات کے صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2019ء) الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا میں ضم ہونے والے سابق قبائلی علاقہ جات کے صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں ہونے والے انتخابات کے تناظر میں سیاسی جماعتوں سے خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پر ترجیحی امیدواروں کی فہرستیں طلب کر لی ہیں۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے حلقہ پی کے 100 سے 115 میں ہونے والے انتخابات کے تناظر سیاسی جماعتوں سے خواتین اور اقلیتی امیدواروں کی ترجیحی فہرستیں طلب کر لی ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق خواتین کی 4 اور اقلیتوں کے لئے ایک مختص نشست کے لئے صرف سابق قبائلی اضلاع سے رجسٹرڈ ووٹر خواتین اور اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کی ترجیحی فہرست صوبائی الیکشن کمشنر یا ریٹرننگ آفیسر کے پاس جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سیاسی جماعتوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ امیدواروں کے نام شامل کریں تاکہ جانچ پڑتال کے نااہلی یا نشست خالی ہونے کی صورت میں نام دستیاب ہوں۔