مسلم لیگ (ن) نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے پوائنٹ سکورنگ کر رہی ہے‘ وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل

بدھ 24 اپریل 2019 15:05

مسلم لیگ (ن) نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے پوائنٹ سکورنگ کر رہی ہے‘ وزیر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2019ء) وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کا قیام وقت کی ضرورت ہے‘ مسلم لیگ (ن) نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے پوائنٹ سکورنگ کر رہی ہے‘ ادویات ساز کمپنیوں سے زائد وصول کی گئی قیمتیں واپس لے کر بیت المال کو دی جائیں گی۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے پوائنٹ سکورنگ کر رہی ہے، جب صوبہ جنوبی پنجاب کی بات آتی ہے تو وہ ساتھ میں صوبہ بہاولپور کے معاملے کو بھی اٹھا لیتے ہیں۔

گزشتہ روز ایوان میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللہ نے نئے صوبوں کے حوالے سے جو بل پیش کیا ان میں چار اراکین کے نام تھے جن کا تعلق جنوبی پنجاب سے نہیں ہے۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت نے کہا کہ حکومت نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے کام کر رہی ہے، انتظامی لحاظ سے نئے صوبوں کا قیام وقت کی ضرورت ہے تاکہ پسماندہ علاقوں میں بھی ترقی کا سفر شروع ہو سکے، اس سے لوگوں کی محرومیاں ختم ہوں گی۔

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت جنوبی پنجاب صوبہ کے قیام کیلئے کام کر رہی ہے اس حوالے سے بہت جلد عوام کو خوشخبری ملے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کو واپس لے لیا گیا ہے جن ادویات ساز کمپنیوں نے زائد قیمتیں وصول کی ہیں ان سے وہ رقم واپس لے کر پاکستان بیت المال کو دی جائے گی۔ زرتاج گل نے کہا کہ پولیو مہم کے حوالے سے کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ایسے عناصر کو عبرت ناک سزا دی جائے گی جو پولی مہم کے دوران مہم کو ناکام بنانے کے لئے منفی پروپیگنڈا کرتے ہیں۔