فیصل آباد، پولیو ٹیموں کی کارکردگی کو چیک کرنے کیلئے ڈپٹی کمشنر کا اچانک الائیڈ ہسپتال کا دورہ

بدھ 24 اپریل 2019 22:57

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اپریل2019ء) ضلع بھر میں انسداد پولیو کی رواں قومی مہم کے سلسلے میں پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کے لئے محکمہ صحت کی ٹیمیں سر گرم عمل ہیں لہذااگر کسی جگہ محکمہ صحت کی ٹیم نہ پہنچے تو فوری طور پر ڈپٹی کمشنر آفس کے کنٹرول روم کے نمبر041-9201491،اور 041-9201492پر اطلاع کریں۔

پولیو ٹیموں کی کارکردگی کو چیک کرنے کیلئے ڈپٹی کمشنر سردار سیف اللہ ڈوگر نے اچانک الائیڈ ہسپتال کا دورہ کیا اور بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے کے لئے ٹیموں کی موجودگی کاجائزہ لیا۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق سپرابھی ان کے ہمراہ تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے پولیو ٹیموں کے ریکارڈ،بچوں کو ویکسین پلانے اور والدین سے ان کے بچوں کو قطرے پلوانے کے بارے میں تصدیق کرتے ہوئے بچوں کی انگلیوں پر نشانات بھی چیک کئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے پولیو ٹیموں کو ہدایت کی کہ والدین کے ساتھ ہسپتال آنے والا پانچ سال تک کی عمر کا کوئی بچہ پولیو کے قطرے پئیے بغیر نہیں رہنا چاہیے اس ضمن میں سٹاف اپنی ڈیوٹی ذمہ داری سے ادا کرے۔انہوں نے سی ای او ہیلتھ سے کہا کہ مہم کے باقی ایام میں بھی مانیٹرنگ جاری رہنی چاہیے اور سو فیصد اہداف کے حصول کویقینی بنایا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے والدین سے کہا کہ وہ پولیو ٹیموں سے تعاون جاری رکھیں اور اپنے بچوں کو پولیو سے بچائو کے حفاظتی قطرے ضرور پلوائیں۔

دریں اثناء کمشنر سردار سیف اللہ ڈوگر نے ڈی سی آفس میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مہم پر عملدرآمد کاجائزہ لیا اورٹیموں کی کارکردگی پر بریفنگ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ مہم کے آخری دو روز میں کسی وجہ سے رہ جانے والے بچوں تک رسائی حاصل کریں اور کسی بھی گھر کا کوئی بچہ پولیو سے بچائو کے حفاظتی قطروں سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔اجلاس کے دوران ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد آصف شہزاد نے حاصل کئے گئے اہداف سے آگاہ کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ریونیو وجنرل طارق خاں نیازی،میاں آفتاب احمد،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق سپرا،اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :