ورچوئل یونیورسٹی کے دسویں کانووکیشن کا انعقاد

جمعرات 25 اپریل 2019 23:09

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اپریل2019ء) ورچوئل یونیورسٹی آف پاکستان کا دسواں کانووکیشن جناح کنوینشن سینٹر اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ تقریب کی مہمان ِخصوصی سابق وائس چانسلر فاطمہ وومن یونیورسٹی، قراقرم یونیورسٹی ڈاکٹر نجمہ تھیں۔ ورچوئل یونیورسٹی سے بیچلر ز، ماسٹرزاور ایم ایس کرنے والے 1521طلبہ میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں۔

اس کے علاوہ قابل اور ذہین گریجوایٹس میں67 میرٹ سر ٹیفیکیٹس اور18گولڈ میڈل بھی تقسیم کیے گئے۔ اپنے خطاب میں ورچوئل یونیورسٹی کے ریکٹر نعیم طارق نے کہا کہ تعلیمی معیار کو مضبوط بنانے میں ورچوئل یونیورسٹی موثر کردار ادا کررہی ہے اور اس کے طلبہ ملکی سطح پر اور بیرون ملک پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔یونیورسٹی کی کامیابیوں پرروشنی ڈالتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ورچوئل یونیورسٹی کے ڈیجی سکلزٹریننگ پروگرام کے ذریعے گراں قدر معاشی فوائد کا حصول ممکن ہوسکے گا اور نئے روزگار کے حصول کی بدولت یہ بیروزگاری کے خاتمہ میں سازگار ثابت ہو گا۔

(جاری ہے)

مہمان ِخصوصی ڈاکٹرنجمہ نجم نے ورچوئل یونیورسٹی کی کامیابیوں کو سراہا اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبا و طلبات کو بھی شاندار کامیابی پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ورچوئل یونیورسٹی کا اعلی معیاری تعلیم کے لیے کردار قابل ستائش ہے۔کانووکیشن میں شعبہ تعلیم سے وابستہ افراد و ممتاز شخصیات اور کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کے والدین نے شرکت کی۔