تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع

جمعہ 26 اپریل 2019 15:44

تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2019ء) تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے ایک تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نجی اخبار کی خبر کے مطابق مارکیٹ میں ملٹی نیشنل کمپنیوں کی زائد المیعاد ادویات بڑے میڈیکل سٹوروں پر دستیاب ہونے کا انکشاف ، ادویات پر جعلی طریقہ سے تاریخ میعاد بڑھا کر فروخت کی جاری ہیں۔

ملک کے سب سے بڑے 100سے زائد ادویات کے ڈسٹری بیوٹر کے گودام پر چھاپہ میں حیرت انگیز انکشافات سامنے آئے ہیں۔ لاہور کے اندر موجود ملک کے سب بڑے ڈیلر اور100 سے زائد ادویات کے ڈسٹری بیوٹر کے ایک گودام سے ایسی لیزر مشین اور زائد المیعاد ادویات برآمد ہوئی ہیں جن کی بڑی تعداد ملٹی نیشنل کمپنیوں کی تھی اور ایسی ادویات بھی موجود تھیں جن کی مارکیٹ میں قیمت بڑھ چکی ہے اور پرانی قیمت کی ڈبیاں ضائع کرکے ان پر نئی قیمتیں لیزر مشین کے ذریعے شائع کی جارہی تھیں ، ذرائع کے مطابق یہ سلسلہ گزشتہ25سال سے جاری و ساری ہے جو کہ ایک قابل افسوس امر ہے۔

(جاری ہے)

ان ادویات کے کھانے سے اب تک کتنی اموات واقع ہوچکی ہیں اس کا اندازہ لگانا بھی مشکل ہے۔ تحریک میں استدعا کی گئی ہے کہ تحریک کو باضابطہ قرار دے کر اس پر ایوان میں بحث کرنے کی اجازت دی جائے۔