Live Updates

وزیراعظم کے بیان کوآئندہ دنوں مختلف ممالک استعمال کریں گے

وزیراعظم کا ایران میں دہشتگردی کیلئے پاکستانی زمین استعمال ہونے کا بیان ریکارڈ کا حصہ بن گیا ،عمران خان اس بات کو سفارتی انداز میں بھی کرسکتے تھے لیکن نہیں کی۔سینئر تجزیہ کار طلعت حسین کاسوشل میڈیا صارفین کے سوالوں پر جوابات

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 26 اپریل 2019 17:38

وزیراعظم کے بیان کوآئندہ دنوں مختلف ممالک استعمال کریں گے
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔26 اپریل 2019ء) سینئر تجزیہ کار طلعت حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے بیان کوآئندہ دنوں مختلف ممالک استعمال کریں گے،وزیراعظم ایران میں دہشتگردی کیلئے پاکستانی زمین استعمال ہونے کا بیان اب ریکارڈ کا حصہ بن گیا ہے،عمران خان اس بات کو سفارتی انداز میں بھی کرسکتے تھے لیکن نہیں کی۔انہوں نے سوشل میڈیا صارفین کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان اورنوازشریف کے بیانات ملتے جلتے ہیں، نوازشریف کے بیان میں تو سوالیہ نشان تھے لیکن عمران خان نے تو براہ راست کہہ دیا کہ ایران کیخلاف پاکستان کی زمین دہشتگردی کیلئے استعمال ہوتی رہی ہے۔

عمران خان نے بعد میں اپنے اس بیان پر وضاحت دینے کی کوشش کی لیکن بات بنی نہیں۔عمران خان کا بیان اب ریکارڈ کا حصہ بن گیا ہے۔

(جاری ہے)

طلعت حسین نے کہا کہ قوم دیکھے گی کہ آنے والے دنوں میں وزیراعظم عمران خان کے ایران میں دہشتگردی کے بیان کو مختلف ممالک استعمال کریں گے،عمران خان اس بات کو سفارتی انداز میں بھی کرسکتے تھے لیکن انہوں نے براہ راست کھل کر بات کی ہے۔

سینئر تجزیہ کار نے کہا کہ نوازشریف اور عمران خان کے بیانات کوایک انداز سے کیوں نہیں دیکھا گیا وہ اس لیے کہ حب الوطنی کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنا ہوتا ہے تو پھر ایک تشریح ہوتی ہے جب سیاسی مقاصد کیلئے استعمال نہیں کرنا ہوتا تواس طرح کے بیانات کی دوسری تشریح ہوتی ہے۔ واضح رہے وزیراعظم کے بیان کو اپوزیشن نے بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے اپنے ٹویٹر پر جاری پیغام میں کہا کہ غیر ملکی سرزمین پر ملک کو رسوا کرنے کی قومی و سفارتی سطح پر نظیر نہیں ملتی وزیراعظم عمران خان کے ایران کیخلاف پاکستانی سرزمین استعمال ہونے کے اعتراف پر ایرانی قیادت پاکستان کے بارے میں کیا سوچ رہی ہوگی ۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات