صدر پاکستان فٹ بال فیڈریشن نے پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن کا اجلاس غیر قانونی قرار دے دیا

اتوار 5 مئی 2019 20:20

لاہور۔5 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2019ء) پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر انجینئر سید اشفاق حسین نے پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن کے چند ارکان پر مشتمل حالیہ اجلاس کو جعلی اور غیر قانونی قرار دے دیا ہے، انہوںنے کہا کہ سابق صدر فیصل صالح حیات نے گزشتہ برسوں میں بطور صدر اپنے عہدے کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے پنجاب سمیت ملک بھر میں بوگس کلبوں کے ذریعے ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشنز کے انتخابات اپنی مرضی سے کر وائے، سیداشفاق حسین نے سابق صدر پی ایف ایف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ فیصل صالح حیات نے فٹ بال میں جس گندی سیاست کو پروان چڑھایا وہ انکے ساتھ ہی ماضی کا حصہ بن گئی، اب فٹبال کی ترقی اور ترویج کیلئے بوگس کلبز کو فٹبال کی مزید تباہی نہیں کرنے دیں گے، سید اشفاق حسین کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں تمام ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشنز کی چار سالہ مدت 31مارچ 2019ء کو پوری ہو چکی ہے لہذا نئے انتخاب سے قبل جعلی اور غیر قانونی اجلاس اور ان میں کیے گئے فیصلوں کا مقصد صرف فیفا اور اے ایف سی کے وفد کی آمد سے قبل فٹبال فیملی کو گمراہ کرنا ہے، انہوں نے صدر پنجاب فٹبال ایسوسی ایشن سردار نوید حیدر خان پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انکی مکمل حمایت کا اعلان کیا، صدر پاکستان فٹ بال فیڈریشن نے واضع کیا کہ پنجاب سمیت ملک بھر میں جعلی فٹ بال کلبوں کی نشاندہی سمیت شفاف کلب رجسٹریشن اور سکروٹنی کا عمل پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی زیر نگرانی جاری ہے جس میں سیاست کی بجائے کھیل کے وسیع مفاد میں کام ہو رہا ہے، انجینئر سید اشفاق حسین نے صدر پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن کو خلاف ورزی کرنے والے ارکان کے خلاف کارروائی کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔