سیلز ٹیکس، کسٹم ریبیٹ ، ریفنڈ کلیمز کی عدم ادائیگیوں سے ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز سرمائے کی شدید قلت کا شکار ہو گئے

منگل 7 مئی 2019 13:26

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2019ء) سیلز ٹیکس ، کسٹم ریبیٹ ، ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں اربوں روپے کے ریفنڈ کلیمز کی ادائیگی نہ ہونے پر ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز سرمائے کی شدید قلت کا شکار ہو رہے ہیں جس پر انہوںنے سخت تشویش کااظہارکرتے ہوئے حکومت سے فوری اقدامات کامطالبہ کیاہے اور کہا ہے کہ ملک کیلئے اربوں ڈالر کا قیمتی زرمبادلہ کمانے والی ٹیکسٹائل انڈسٹری اس وقت سخت بحران کا شکارہے لہٰذا حکومت توانائی کی قلت ، بے تحاشہ ٹیکسز اور سرمائے کی عدم دستیابی جیسے مسائل کے فوری حل کیلئے ہنگامی بنیادوں پر انتظامات یقینی بنائے تاکہ غیر ملکی برآمدی آرڈرز کی بروقت تکمیل سمیت تیزی سے ہاتھ سے نکلتی ہوئی غیر ملکی منڈیوں پر دوبارہ کنٹرول حاصل کیاجاسکے۔

آل پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کہاکہ توقع ہے کہ حکومتی اقدامات کے باعث توانائی کے بحران کا مستقل حل جلد تلاش کرلیاجائیگا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ملک کی معاشی و اقتصادی بدحالی سے نجات ، صنعتی و کاروباری ترقی اور برآمدات میں اضافے کیلئے حکومت کو توانائی کامسئلہ اولین ترجیح کے طور پر حل کرناہوگا۔ انہوںنے کہاکہ800 میگا واٹ کا مہمند ڈیم یا 1000یا 1200میگاواٹ تک کے سولر و دیگر توانائی کے منصوبے اپنی جگہ اہمیت کے حامل ہیں لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ کالا باغ ڈیم جیسے خالصتاً تکنیکی منصوبے فوری شروع کئے جائیں تاکہ کم سے کم مدت میں شارٹ فال پر قابو پاناممکن ہو سکے۔