نیوٹیک کو 50 لاکھ نوجوانوں کو پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے کے لئے 45 ہزار نئے تربیتی اداروں، دو لاکھ اضافی صلاحیتیں رکھنے والے اساتذہ کی ضرورت ہے، نیوٹیک ذرائع

منگل 7 مئی 2019 17:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2019ء) قومی کمیشن برائے تکنیکی و پیشہ ورانہ تربیت (نیوٹیک) کو 50 لاکھ نوجوانوں کو پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے کے لئے 45 ہزار نئے تربیتی اداروں اور دو لاکھ اضافی صلاحیتیں رکھنے والے اساتذہ کی ضرورت ہے۔ نیوٹیک کے اعداد و شمار کے مطابق 50 لاکھ کے قریب نوجوانوں کو تربیت فراہم کرنے کے لئے اس وقت موجودہ ٹیوٹ کے شعبہ میں 3 ہزار 740 تربیتی اداروں میں 18 ہزار 207 اساتذہ تعینات ہیں جبکہ ان اداروں میں چار لاکھ 37 ہزار تربیتی مقامات ہیں۔

ایک اندازے کے مطابق لیبر مارکیٹ میں ہر سال 1.82 ملین نئے تربیت یافتہ افراد کی ضرورت میں اضافہ ہوتا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق 4.4 ملین نوجوان جنہوں نے باقاعدہ تعلیم حاصل نہیں کی، کو مختلف ہنر کی تربیت دے کر باعزت روزگار کے قابل بنایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

نیوٹیک نے زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو تربیتی سہولیات فراہم کرنے کے لئے ٹیوٹ کے شعبہ میں بڑی تبدیلیوں کی سفارش کی ہے۔

ان تبدیلیوں میں تربیت کو انڈسٹریز کی ضروریات سے منسلک کرنا بھی شامل ہے تاکہ تربیت حاصل کرنے والے نوجوانوں کے روزگار کو یقینی بنایا جا سکے جبکہ نئی اصلاحات میں بیرون ملک روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے بھی سفارشات دی گئی ہیں جس میں بیرون ملک استعمال ہونے والی جدید ٹیکنالوجی سے تربیتی اداروں کوہم آہنگ بنانا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ پاکستانی نوجوان بیرون ملک بہتر معاوضوں پر روزگار حاصل کر سکیں۔ تجاویز میں شامل کیا گیا ہے کہ میٹرک اور ایف اے کے بعد نوجوانوں کو مختلف ہنر کی تربیت فراہم کی جائے جبکہ مدارس کے طلباء کو بھی ٹیوٹ سیکٹر میں لانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :