احتساب عدالت نے 80 ارب روپے کے اوگرا کرپشن کیس کی سماعت بغیر کارروائی کے 28 مئی تک ملتوی کر دی

منگل 7 مئی 2019 17:43

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2019ء) احتساب عدالت نے 80 ارب روپے کے اوگرا کرپشن کیس کی سماعت بغیر کارروائی 28 مئی تک ملتوی کر دی ہے۔ سپریم کورٹ کے حکم پر دبئی سے گرفتار ہونے والے سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق اور عقیل کریم ڈھیڈی سمیت دیگر ملزمان کے خلاف یہ ریفرنس 2013 سے زیر سماعت ہے۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے 80 ارب روپے کے اوگرا کرپشن کیس کی سماعت کی۔

سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق پیش نہ ہوئے اور حاضری سے استثنا کی درخواست دائر جمع کرائی۔

(جاری ہے)

ایک اور ملزم عقیل کریم ڈھیڈی بھی حاضری سے مستقل استثنا ء کے باعث عدالت نہ آئے۔ استغاثہ کے گواہ، اوگرا کے چیف آڈٹ آفیسر احسان الحق علوی عدالت میں پیش ہوئے مگروکیل صفائی نے گواہ پر جرح موخر کرنے کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔ واضح رہے سپریم کورٹ کے حکم پر سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق کو دبئی سے گرفتار کیا گیا تھا اور نیب نے 2013 میں یہ ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کیا تھا۔ توقیر صادق سمیت ریفرنس کے تمام ملزمان ضمانت پر ہیں۔ ملزمان پر سی این جی لائسنسز کے اجرا اور دیگر اقدامات سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔