ذوالفقار مرزا نےآصف زرداری کو دوسرا الطاف حسین قرار دےدیا

آصف زرداری کا حال بانی ایم کیوایم سے بھی برا ہونے والا ہے، وہ 100 فیصد چوری میں ملوث ہیں، عدالتوں کے چکر لگانا مکافات عمل ہے۔ سابق وزیر داخلہ سندھ ذوالفقار مرزا کی میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 11 مئی 2019 15:44

ذوالفقار مرزا نےآصف زرداری کو دوسرا الطاف حسین قرار دےدیا
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11 مئی 2019ء) سابق وزیر داخلہ سندھ ذوالفقار مرزا ایک بار پھر پیپلزپارٹی قیادت کے خلاف میدان میں آگئے۔ انہوں نے سابق صدر آصف زرداری کو دوسرا الطاف حسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری کا حال بانی ایم کیوایم سے بھی برا ہونے والا ہے، وہ100 فیصد چوری میں ملوث ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انسداد دہشتگردی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ سندھ ذوالفقار مرزا نے کہا کہ آصف زرداری 100 فیصد چوری میں ملوث ہیں۔

عدالتوں کے چکر لگانا آصف زرداری کیلئے مکافات عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کا حال بانی ایم کیوایم سے بھی برا ہونے والا ہے۔ واضح رہے آج انسداد دہشتگردی عدالت میں سابق وزیر داخلہ ذوالفقار مرزا کے خلاف دہشتگردی، جلاو گھیراؤ اور دیگر الزامات کے تحت چار مقدمات کی سماعت پراسیکیوٹر کی عدم حاضری کی بناء پر نہ ہوسکی تھی۔

(جاری ہے)

واضح رہے جمعرات کواحتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت کی تو اس موقع پر سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہشمیرہ فریال تالپور کمرہ عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت جعلی اکاؤنٹس کیس کے تفتیشی افسر عدالت میں پیش نہیں ہوئے جن کے حوالے سے نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ تفتیشی افسر علی احمد ابڑو سر پر چوٹ لگنے کی وجہ سے پیش نہیں ہوئے۔ دوران سماعت ریفرنس کی نقول فراہم نہ کیے جانے پر فاضل جج محمد ارشد ملک نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ریفرنس کی نقول فراہم نہیں کی جارہی تو ٹرائل کیسے چلے گا۔ فاضل جج نے استفسار کیا ریفرنس کی کاپیوں کی تیاری کب تک ممکن ہے جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا 28 کاپیاں تیار ہوئی ہیں باقی کی تیاری کے لیے 10 دن کا وقت درکار ہوگا۔عدالت نے ہدایت کی کہ ریفرنس کی کاپیاں ملزمان کو فراہم کی جائیں جس کے بعد کیس کی مزید سماعت 21 مئی تک ملتوی کردی گئی۔