Live Updates

پاکستان سمیت دنیا بھر میں مائوں کا عالمی دن منایا گیا

سوشل میڈیا پر ’’ماں تجھے سلام‘‘،’’ مدرز ڈے‘‘،’’ مدرز ڈے اسپیشل ‘‘ ہیش ٹیگز ٹاپ ٹرینڈز رہے سوشل میڈیا پر صارفین سمیت سیاسی، سماجی ،شوبز سمیت مختلف شعبوں سے وابستہ نمایاں شخصیات نے اپنی والدہ کیلئے جذبات کا اظہار کیا

اتوار 12 مئی 2019 15:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2019ء) پاکستان سمیت دنیا بھر میں مائوں کا عالمی دن منایا گیا ۔ اس دن کو منانے کا مقصد ماںکے مقدس رشتے کی عظمت و اہمیت کو اجاگر کرنا اورماںکیلئے عقیدت، شکر گزاری اور محبت کے جذبات کو فروغ دینا ہے۔سوشل میڈیا پر ’’ماں تجھے سلام‘‘،’’ مدرز ڈے‘‘،’’ مدرز ڈے اسپیشل ‘‘ ہیش ٹیگز ٹاپ ٹرینڈز رہے۔

سوشل میڈیا پر صارفین سمیت سیاسی، سماجی ،شوبز سمیت مختلف شعبوں سے وابستہ نمایاں شخصیات نے اس دن کی مناسبت سے اپنی والدہ کے لیے جذبات کا اظہار کیا اور ان کے ساتھ لی گئی یادگار تصاویر شیئر کیں۔پاک فوج کے ترجمان ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے ماںکے نام ٹوئٹر پیغام شیئر کیا اور شہدا ء کی مائوں کو سلام پیش کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے لکھا کہ ماں صرف ایک مادی رشتے کا نام نہیں، اگر ایسا ہوتا تو ان کے جانے سے یہ رشتہ ختم ہو جاتا، ماں نام ہے پیار، خیال، حفاظت اور بے لوث ہونے جیسے لافانی احساسات کا، تمام مائوں بالخصوص ہمارے بہادر شہدا ء کی بہادر مائوں کو سلام۔

مسلم لیگ (ن)کی رہنما مریم نواز نے اپنی مرحوم والدہ بیگم کلثوم نواز کی ایک یادگار تصویر شیئر کی اور لکھا کہ بھلا ماں کا بھی کوئی دن ہوتا ہی ماں کے بغیر تو کوئی دن، دن نہیں ہوتا!۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے بھی ٹوئٹرپر مائوں کے عالمی دن پر اپنا پیغام شیئر کیا ۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ہماری جنت ہماری مائوں کے قدموں تلے ہے ۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے بھی سوشل میڈیا پر اپنی والدہ کے ساتھ تصویر شیئر اور اپنے بھرپو رجذبات کا اظہار کیا ۔

چوہدری محمد سرور کی والدہ کی عمر 90برس ہے ۔ فاسٹ بولر وہاب ریاض نے اپنی والدہ کو ’’مدرز ڈے‘‘کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے اپنے محبت بھرے جذبات کا اظہار کیا اور مداحوں سے تصویر بھی شیئر کی۔ قومی کرکٹ ٹیم کے بلے باز عمر اکمل نے بھی اپنی والدہ کو یاد کرتے ہوئے تصویر شیئر کی۔مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات نے بھی مائوں کے عالمی دن پر اپنی والدہ کے لئے جذبات کا اظہار کیا اور ان کے ساتھ لی گئی تصاویر شیئر کیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات