شاہ رخ جتوئی اور سراج تالپور کی سزائے موت عمر قید میں تبدیل

سندھ ہائی کورٹ نے شاہ زیب قتل کیس کے مجرموں کی اپیلوں پر فیصلہ سنادیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 13 مئی 2019 12:19

شاہ رخ جتوئی اور سراج تالپور کی سزائے موت عمر قید میں تبدیل
 کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔13 مئی۔2019ء) سندھ ہائی کورٹ نے شاہ زیب قتل کیس کے مجرموں کی اپیلوں کا فیصلہ سناتے ہوئے کیس کے مرکزی مجرم شاہ رخ جتوئی اور سراج تالپور کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کردیا ہے. اس کے علاوہ عدالت عالیہ نے کیسز میں نامزد دیگر 2 مجرموں سجاد تالپور اور غلام مرتضی لاشاری کی عمر قید کی سزا برقرار رکھنے کا فیصلہ سنایا‘خیال رہے کہ یہ فیصلہ آج پیر کے روز سنایا گیا ہے جو سندھ ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے 11 مارچ کو محفوظ کیا تھا.

یاد رہے کہ 20 سالہ نوجوان شاہ زیب کو دسمبر 2012 میں کراچی کے علاقے ڈیفنس میں فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا.

(جاری ہے)

اس وقت کے چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان جسٹس افتخار محمد چوہدری نے مقدمے کا از خود نوٹس لیا تھا جس کے بعد پولیس نے مجرموں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف انسداد دہشت گردی کی عدالت میں مقدمہ چلایا. بعد ازاں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 30 جون 2013 کو شاہ رخ جتوئی اور سراج تالپور کو سزائے موت جبکہ سجاد تالپور اور غلام مرتضی لاشاری عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی.

مجرموں نے 2013 میں ہی سزا کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی تھی‘عدالت کی جانب سے سزائے موت سنانے کے چند ماہ بعد شاہ زیب کے والدین نے معافی نامہ جاری کردیا تھا جس کو سندھ ہائی کورٹ نے منظور کیا تھا. شاہ زیب کے والدین کی جانب سے معافی نامہ جاری کرنے کے بعد سزائے موت دہشت گردی کی دفعات کے باعث برقرار تھی تاہم 11 نومبر 2017 کو سندھ ہائی کورٹ نے سزا کو کالعدم قرار دیتے ہوئے دوبارہ تفتیش کا حکم جاری کردیا تھا.

30 دسمبر کو سیشن کورٹ نے شاہ رخ جتوئی سمیت دیگر مجرموں کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا تھا‘یاد رہے کہ 26 دسمبر 2017 کو وکلا، انسانی حقوق کے کارکن جبران ناصر اور کراچی کے دیگر شہریوں نے سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے شاہ زیب قتل کیس میں شاہ رخ جتوئی اور ان کے ساتھیوں کے مقدمے کو سیشن عدالت بھیجنے کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی.سپریم کورٹ نے یکم فروری 2018 کو شاہ زیب قتل کیس میں متفرق درخواستوں کی سماعت کے دوران سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے شاہ رخ جتوئی سمیت 3 مجرموں کو دی جانے والی ضمانت اور مذکورہ کیس دوبارہ سول عدالت میں چلانے کا فیصلہ معطل کرکے مجرموں کی گرفتاری کا حکم دے دیا تھا.

اس وقت کے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں موجودہ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ اور جسٹس مقبول باقر پر مشتمل تین رکنی بینچ نے شاہ زیب قتل کیس میں انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے دائر درخواستوں پر سماعت کی تھی. سپریم کورٹ نے سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے پولیس کو مجرموں کی فوری گرفتاری کا حکم دیا تھا‘عدالت عظمیٰ نے تینوں مجرموں کے خلاف سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ ا?نے تک مجرموں کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کا حکم بھی دیا تھا.

بعد ازاں سپریم کورٹ کے حکم پر ہائیکورٹ جج جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس نظر اکبر پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے مجرموں کے خلاف کیس کی سماعت کی تھی اور 11 مارچ کو فریقین کے وکلاءکے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا. 13 مئی 2019 کو محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے عدالت عالیہ نے 2 مجرموں کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کردیا جبکہ دیگر 2 مجرموں کی عمر قید کی سزا کو برقرار رکھا.