آئی ایم ایف نے پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کی معاشی حماقتوں سے پردہ اٹھا دیا،عمرچیمہ

آئی ایم ایف کے کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کی پریس ریلیز نے تحریک انصاف کے موقف کی تصدیق کردی، حزب اختلاف آئی ایم ایف کے بیان میں اپنی حکومتوں کے چہرے دیکھے ٌآئی ایم ایف کے بیان نے ثابت کردیا کہ دونوں جماعتوں نے ملکر پاکستانی معیشت کو تباہ کیا،بیان

پیر 13 مئی 2019 21:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 مئی2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات عمر سرفراز چیمہ نے پاکستان اور آئی ایم ایف کے مابین معاہدے پر حزب اختلاف کی سیاسی بیان بازی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایم ایف نے پیپلز پارٹی اور نون لیگ کی معاشی حماقتوں سے پردہ اٹھا دیا،آئی ایم ایف کے کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جاری کردہ پریس ریلیز نے تحریک انصاف کے مقف کی تصدیق کردی، حزب اختلاف آئی ایم ایف کی پریس ریلیز میں اپنی حکومتوں کے چہرے دیکھے،آئی ایم ایف کے بیان نے ثابت کردیا کہ دونوں جماعتوں نے ملکر پاکستانی معیشت کو تباہ کیا۔

(جاری ہے)

پیر کو جاری کردہ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ روزِ اول سے کہتے آئے ہیں کہ دونوں جماعتوں نے اپنے اپنے مفاد کیلئے آئندہ نسلوں کو قرض کی دلدل میں جکڑا، مسلسل نشاندہی کی کہ پیپلز پارٹی اور نون لیگ نے جان بوجھ کر معاشی اصلاحات سے گریز کیا، عمر چیمہ نے کہا کہ آئی ایم ایف بھی کہنے پر مجبور ہے کہ پاکستان کو نہایت کٹھن معاشی صورتحال کا سامنا ہے، آئی ایم ایف نے تسلیم کیا کہ گزشتہ حکومتوں کی ناہموار پالیسیوں کے باعث معاشی ترقی سست روی کی شکار ہے، آئی ایم ایف نے اعتراف کیا کہ حالیہ برسوں کے ناقص معاشی فیصلوں کے باعث افراطِ زر بلند، قرض نہایت زیادہ اور بیرونی صورتحال بے حد کمزور ہے، عمر چیمہ نے کہا کہ کیا ابہام باقی ہے کہ معاشی ڈھانچے کو کھوکھلا بنا کر شرح نمو بڑھانے کے جھوٹے دعوے کئے گئے، دونوں جماعتوں نے جان بوجھ کر اداروں کو کمزور کیا تاکہ خود پانامہ اور جعلی اکانٹس جیسے ڈاکے ڈال سکیں،پاکستان کو معاشی تباہی کے حوالے کرنے والے شخص کو نون لیگی وزیراعظم نے اپنے جہاز میں ملک سے فرار کروایا، اقتدار سے نکالا جانا ہی شاید کافی نہیں، ملکی معیشت کی چولیں ہلانے والوں کیخلاف سنگین غداری کے مقدمے چلنے چاہئیے۔