عدالتی حکم کی تعمیل نہ کرنے پر چیئرمین ریونیو اتھارٹی پنجاب پر اظہار برہمی ،سات روز میں عملدرآمد کرنے کا حکم

لگتا ہے آپکو جیل جانے کا شوق ہے ، آئندہ سماعت پر عدالتی حکم پر عمل نہ ہوا تو جیل جانے کیلئے تیار رہیں‘ہائیکورٹ کے ریمارکس

جمعہ 17 مئی 2019 15:16

عدالتی حکم کی تعمیل نہ کرنے پر چیئرمین ریونیو اتھارٹی پنجاب پر اظہار ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2019ء) لاہور ہائیکورٹ نے عدالتی حکم کی تعمیل نہ کرنے پر چیئرمین ریونیو اتھارٹی پنجاب پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سات روز کے اندر اندر عدالتی احکامات پر عملدرآمد کرنے کا حکم دیدیا اور واضح کیا کہ آئندہ سماعت پر عدالتی حکم پر عمل نہ ہوا تو جیل جانے کے لیے تیار رہیں۔ہائیکورٹ کے جسٹس امیر بھٹی نے عدالتی حکم کے باوجود ریونیو اتھارٹی کے ملازمین کو بحال کرکے مستقل نہ کرنے پر چیئرمین ریونیو اتھارٹی پنجاب کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی ۔

چیئرمین ریونیو اتھارٹی پنجاب عدالت میں پیش ہوئے ۔ عدالت نے عدالتی حکم کی تعمیل نہ کرنے پر چیئرمین ریونیو اتھارٹی پنجاب پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ کیوں نہیں عدالتی حکم کے باوجود ریونیو اتھارٹی کے ملازمین کو مستقل کیا ۔

(جاری ہے)

چیئرمین ریونیو اتھارٹی پنجاب نے کہا کہ ہم نے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی ہے ۔جس پر عدالت نے کہا کہ سپریم کورٹ نے ہائیکورٹ کے فیصلہ کے خلاف حکم امتناعی جاری کیا ۔

جس پر چیئرمین ریونیو اتھارٹی نے کہا کہ ابھی اپیل سماعت کے لیے مقرر نہیں ہوئی ۔جس پر عدالت نے کہا کہ لگتا ہے آپ کو جیل جانے کا شوق ہے، ابھی آپکو جیل بھجواتے ہیں۔ چیئرمین ریونیو اتھارٹی نے کہا کہ ایک بار مہلت دیدیں ،عدالتی حکم پر عمل درآمد ہوگا ۔عدالت نے چیئرمین ریونیو اتھارٹی پنجاب کو سات روز میں عدالتی احکامات پر عمل درآمد کرنے کا حکم دیتے ہوئے واضح کیا کہ آئندہ سماعت پر عدالتی حکم پر عمل نہ ہوا تو جیل جانے کے لیے تیار رہیں۔