جیکب آباد: سماجی تنظیم دیس پاکستان کی جانب سے یکجہتی کے عالمی دن کے حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد

جمعہ 17 مئی 2019 20:36

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مئی2019ء) جیکب آباد میں سماجی تنظیم دیس پاکستان کی جانب سے یکجہتی کے عالمی دن کے حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی، اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سماجی رہنما جان اوڈھانو نے کہا کہ معاشرے میں یکجہتی نہ ہونے کی وجہ سے ہمارا معاشرہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوچکا ہے معاشرے کی بہتری کے لیے یکجہتی اور بھائی چارے کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، مسیحی رہنما پادری شارون یوسف نے کہا کہ دہشت گردی کا کسی مذہب سے کوئی تعلق نہیں دنیا میں دو مذہب ہیں ایک انسانیت اور دوسرا دہشت گردی ہے، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہمیں یکجہتی کا مظاہرہ کرکے اس کا مقابلہ کرنا ہوگا، اے پی سی کے رہنما مختیار بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانی ترقی اس وقت ہوگی جب انسانوں کے درمیان نفرت کا خاتمہ ہوگا، امن انسان کی اولین ضرورت ہے قبائلی جھگڑوں کی وجہ سے جیکب آباد کا امن تباہ ہوچکا ہے قبائلی جھگڑوں کے خاتمے کے لیے سول سوسائٹی کو اپنا کردار اور قانون کو حرکت میں آنا ہوگا، علی محمد عوامی پارٹی کے چیئرمین دلمراد لاشاری نے کہا کہ یکجہتی کے حوالے سے جیکب آباد کا ماضی شاندار رہا ہے جہاں تمام مذاہب اور مسالک کے لوگ بھائی چارے کے ساتھ رہتے تھے مگر کچھ عرصے سے وہ ماحول خراب ہورہا ہے اس لیے ہمیں یکجہتی کا ماحول پیدا کرنے کے لیے عملی جدوجہد کرنا ہوگی، سماجی رہنما گل جان جمانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ سندھ امن کی دھرتی رہی ہے امن سے قومیں ترقی کرتی ہیں ایسے پروگرام ہر جگہ ہونے چاہئے تاکہ یکجہتی کو فروغ دیا جاسکے، اس موقع پر ندیم بہرانی، طیب سومرو، عبدالغفار اوڈھانو، صغرا ںلاشاری اور دیگر نے بھی خطاب کیا، آخر میں جیکب آباد کی تحصیل گڑہی خیرو میں ہونے والے قبائلی جھگڑوں کے خلاف قرارداد منظور کی گئی۔