ْکراچی پولیس چیف نے تھیلیسیمیا کے مریض بچے کی پولیس افسر بننے کی ننھی سی خواہش پوری کر دی

لہ یوحنا سجاد کو اس کی خواہش پر ایک دن کیلئے پولیس سب انسپکٹر بنا کر کلفٹن میں ڈیوٹی بھی کرائی گئی ننھے پولیس افسر نے گاڑیوں کی چیکنگ کی کاغذات دیکھے ،خلاف ورزی کرنیوالے شہریوں کے چالان کرنے کے احکامات دیئے

ہفتہ 18 مئی 2019 14:46

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2019ء) کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر شیخ نے تھیلیسیمیا کے مریض بچے کی پولیس افسر بننے کی ننھی سی خواہش پوری کر دی، 9سالہ یوحنا سجاد کو اس کی خواہش پر ایک دن کیلئے پولیس سب انسپکٹر بنا کر کلفٹن میں ڈیوٹی بھی کرائی گئی۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے رہائشی 9 سالہ یوحنا سجاد کئی سالوں سے تھیلیسیمیا کے مرض میں مبتلا ہے، بچے کی طرف سے نجی ٹی وی کے سلسلے ننھی سی خواہش میں ایک دن کیلئے پولیس سب انسپکٹر بننے کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔

یوحنا کی ننھی سی خواہش پوری کرنے کیلئے نجی ٹی وی کی جانب سے کراچی پولیس چیف اور ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر احمد شیخ سے درخواست کی گئی جس پر انہوں نے بچے کی خواہش پوری کرنے کے لیے والنٹیرز ان پولیس سروس کو انتظامات کرنے کے لیے کہا۔

(جاری ہے)

وی آئی پی ایس کے عہدیدار یاور چائولہ نے بتایا کہ پولیس کی جانب سے بچے کی مکمل یونیفارم فارم کا انتظام کیا گیا اور اسے سائوتھ پولیس کی موبائل فراہم کی گئی۔

9سالہ پولیس سب انسپکٹر یوحنا سجاد پولیس موبائل میں کلفٹن میں ڈولمین مال کے قریب چورنگی پر پہنچے جہاں سائوتھ پولیس کی جانب سے گاڑیوں کی فینسی نمبر پلیٹس، سیاہ شیشوں اور دیگر خلاف ورزیوں کے خلاف خصوصی چیکنگ جاری تھی۔اس موقع پر ننھے پولیس افسر نے گاڑیوں کی چیکنگ کی کاغذات دیکھے اور خلاف ورزی کرنے والے شہریوں کے چالان کرنے کے احکامات دیئے۔

علالت کی بنا پر 9 سالہ پولیس سب انسپکٹر یوحنا کی طبیعت خراب تھی مگر وہ ڈیوٹی کرتا رہا، اس دوران ڈی آئی جی سائوتھ شرجیل کھرل، ایس ایس پی سائوتھ پیر محمد شاہ، ایس پی سوہائے عزیز، وی آئی پی ایس کے عہدیدار یاور چاولہ پولیس کی اس خصوصی مہم اور تقریب کی نگرانی کر رہے ۔یوحنا سجاد کی ننھی سی خواہش پر عملدرآمد کرنے پر ڈی آئی جی سائوتھ شرجیل کھرل نے انتہائی خوشی کا اظہار کیا، انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ یوحنا سجاد نے بطور پولیس افسر اپنی ڈیوٹی خوب نبھائی ہے، گاڑیوں کی چیکنگ کی اور قوانین کی خلاف ورزی پر شہریوں کو جرمانے کے ساتھ ساتھ رہنمائی کی خدمات بھی سرانجام دیں۔

ڈی آئی ڈی شرجیل کھرل کے مطابق یہی نہیں کراچی پولیس کی جانب سے یوحنا کے علاج کے سلسلے میں بھی مدد کی جا رہی ہے۔اس موقع پر ایس ایس پی سائوتھ پیر محمد شاہ نے بتایا کہ ایک ننھے پولیس افسر نے جس طرح شہریوں کو قوانین کی خلاف ورزی نہ کرنے کا پیغام دیا ہے اس سے جرائم کی سرکوبی میں مدد ملے گی۔ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر احمد شیخ کی جانب سے ڈی آئی جی سائوتھ زون شرجیل کھرل نے 9 سالہ پولیس افسر یوحنا سجاد کو تحائف پیش کیے جبکہ سائوتھ پولیس کی جانب سے بھی ایس ایس پی پیر محمد شاہ نے بھی ایک دن کے پولیس افسر کو تحفہ دیا۔