آئی جی پنجاب کا آر پی اوراولپنڈی کو طالبہ کے ساتھ مبینہ زیادتی میں ملوث اہلکاروں کے خلاف مثالی کارروائی کا حکم

سی پی او رراولپنڈی کو مقدمہ کی تفتیش اپنی نگرانی میں کرانے اور متاثرہ لڑکی اور اسکے خاندان کے ساتھ رابطہ رکھنے کی ہدایت

اتوار 19 مئی 2019 18:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2019ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ شہریوں کے جان ومال کا تحفظ بالخصوص عورتوں اور بچوں کے حقوق کا تحفظ میری اولین ترجیحات میں شامل ہے ،یونیفارم کا تقدس پامال کرنے والے اہلکاروں کی محکمہ پولیس میں کوئی جگہ نہیں اور ایسے بدعنوان اور بد کردار اہلکاروں کے خلاف بغیر کسی رعایت کے سخت قانونی اور محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جا ئے گی ۔

انہوں نے سی پی او راولپنڈی کو ہدایت کی کہ وہ پولیس اہلکاروں کی جانب سے لڑکی کے ساتھ مبینہ زیادتی کے واقعہ کی تحقیقات اپنی نگرانی میں کروائیں اور ذمہ دار اہلکاروں کو نوکری سے برخاستگی سمیت سخت قانونی کاروائی کرتے ہوئے انہیں دوسروں کی لئے عبرت کی مثال بنا دیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آر پی او راولپنڈی ،کیپٹن (ر) احسان طفیل اور سی پی او راولپنڈی کیپٹن (ر) محمد فیصل راناکو گزشتہ روز راولپنڈی میں پولیس ا ہلکاروں کی جانب سے خاتون کے ساتھ مبینہ زیادتی کے واقعہ کے حوالے سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کیا ۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس نے لڑکی کی شکایت پر ایف آئی آر درج کرتے ہوئے ملوث اہلکاروں کو فوری طور پر گرفتار کر لیا تھا اور اب ان اہلکاروں کے خلاف مزید قانونی کاروائی کی جا رہی ہے۔آئی جی پنجاب نے سی پی او راولپنڈی کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ خاتون اور ان کی فیملی کے ساتھ خود رابطہ میں رہیں اور یقینی بنائیں کہ مقدمہ کی کاروائی کے دوران انہیں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کا بنیادی کام عوام کے جان و مال اور عزت آبرو کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے لہٰذا راولپنڈی میں پولیس اہلکاروں کی جانب سے طالبہ کے ساتھ مبینہ زیادتی کا واقعہ ناقابل برداشت فعل ہے اور واقعہ کے ذمہ داروں کو خلاف سخت محکمانہ اور قانونی کاروائی میں تاخیر ہر گز برداشت نہیں ہو گی۔انہوں نے سی پی او کو مزیدہدایت کی کہ متاثرہ لڑکی کو اپنے کیس کے سلسلہ میں اگر کسی قسم کی مدد درکار ہے تو اس کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے۔آئی جی پنجاب نے سی پی او راولپنڈی کیپٹن (ر) محمد فیصل راناکو واقعہ کی مکمل تفتیش جلد از جلداپنی نگرانی میں کرواتے ہوئے رپورٹ سنٹرل پولیس آفس بھیجنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

متعلقہ عنوان :