خواجہ سعد رفیق ‘سلمان رفیق کی درخواست ضمانت پر سماعت ملتوی

لاہور ہائی کورٹ کی درخواستوں پر وکلاءکو حتمی دلائل دینے کی ہدایت

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 20 مئی 2019 16:35

خواجہ سعد رفیق ‘سلمان رفیق کی درخواست ضمانت پر سماعت ملتوی
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔20 مئی۔2019ء) لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے راہنماﺅں خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی خواجہ سلمان رفیق کی ضمانت کی درخواستوں پر وکلاءکو حتمی دلائل دینے کی ہدایت کر تے ہوئے مزید کارروائی 27 مئی تک ملتوی کر دی ہے . لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں2رکنی بنچ نے خواجہ برادران کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی.

عدالت میں خواجہ برادران کے وکیل نے بتایا کہ نیب نے بے بنیاد الزام لگایا، جبکہ دونوں بھائیوں کیخلاف ابھی تک ریفرنس داخل نہیں کیا گیا.

(جاری ہے)

نیب کے وکیل نے کہاکہ ان کے بینک اکاﺅنٹس میں رقم منتقلی کے ثبوت ملے ہیں، خواجہ برادران کے وکیل نے آگاہ کیا کہ تمام تفصیلات ٹیکس گوشوارے میں درج ہیں، نیب جس رقم کا تذکرہ کر رہاہے، وہ سروس چارجز ہیں.

اس موقع پر عدالت نے وکلاءکو حتمی دلائل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے مزید کارروائی 27 مئی تک ملتوی کر دی. واضح رہے کہ خواجہ برادران کی جانب سے درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نیب کی تفتیش میں ہرممکن تعاون کررہے ہیں، پیراگون ہاﺅسنگ اسکینڈل میں گرفتار کیا گیا لیکن نیب کرپشن کے الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہا. خواجہ برادران کا موقف ہے کہ نیب تفتیش میں تعاون اور تمام ریکارڈ فراہم کیا، عدالت سے استدعا ہے کہ درخواست ضمانت منظور کرکے رہائی کا حکم دیا جائے.

11 دسمبر کو لاہور ہائی کورٹ نے خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کی عبوری ضمانت خارج کردی تھی، جس کے بعد قومی احتساب بیورو (نیب) نے دونوں بھائیوں کو حراست میں لے لیا تھا. خواجہ برادران کو پیراگون ہاﺅسنگ اسکینڈل میں گرفتار کیا گیا ہے جبکہ دونوں بھائی پیراگون ہاﺅسنگ اسکینڈل سمیت 3 مقدمات میں نیب کو مطلوب تھے. اس سے قبل آشیانہ ہاﺅسنگ سوسائٹی کی تحقیقات میں انکشاف ہوا تھا کہ خواجہ سعد رفیق کے پیراگون سوسائٹی سے براہ راست روابط ہیں، پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے ذریعے آشیانہ اسکیم لانچ کی گئی تھی.

نیب کے مطابق وفاقی وزیر ہوتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا تھا اور شواہد کو ٹمپر کرنے کی کوشش بھی کی، دونوں بھائیوں نے اپنے ساتھیوں سے مل کر عوام کو دھوکہ دیا اور رقم بٹوری. نیب کا کہنا ہے کہ خواجہ برادران پیراگون ہاﺅسنگ سوسائٹی سے فوائد حاصل کرتے رہے، خواجہ برادران کے نام پیراگون میں 40 کنال اراضی موجود ہے.