کراچی ،ٹریفک پولیس نے یوم علیؓ کیلئے پلان ترتیب دیدیا

27 مئی کو حضرت علی کے یوم شہادت پر جلوس نشتر پارک سے روانہ ہو کر حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ کھارا در میں اختتام پذیر ہوگا جلوس میں شرکت کرنیوالی گاڑیوں کیلئے اسٹیکر (اجازت نامہ) لازمی ہوگا، 22 سے 29 مئی تک درخواست جمع کرائیں، اعلامیہ

پیر 20 مئی 2019 16:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2019ء) ٹریفک پولیس نے یوم علیؓ کے لیئے ٹریفک پلان ترتیب دے دیا۔ٹریفک پولیس کے مطابق پیر27مئی کو حضرت علی کرم اللہ وجہہ کے یوم شہادت کے موقع پر ایک جلوس نشتر پارک سے روانہ ہوکر حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا جلوس میں شرکت کرنے والی گاڑیوں کے لیے اسٹیکر( اجازت نامہ) لازمی ہوگا۔

(جاری ہے)

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے، ایمبولینس، ٹائون انتظامیہ، میڈیا اور ایمبولینس سروسز کے منتظمین کو مطلع کیا جاتا ہے کہ وہ جلوس میں شرکت کے لیے اپنی گاڑیوں کا اجازت نامہ(اسٹیکر) حاصل کرنے کے لیے ڈی آئی جی ٹریفک کے دفتر سیکورٹی برانچ گارڈن ہیڈ کوارٹرز آغا خان سوئم روڈ سے 22 سی25 مئی تک درخواست جمع کرائیں اور26مئی کو دوپہر12سے شام5بجے تک اسٹیکر حاصل کرسکتے ہیں، سرکاری ادارے دفتری لیٹر ہیڈ جس میں گاڑیوں کے نمبر درج ہوں کے ساتھ جو بالا افسران سے دستخط شدہ ہو جبکہ میڈیا اور ایمبولینس کے لیے ادارے کے لیٹر کے ساتھ گاڑیوں کے اصل کاغذات کی کاپی، ڈرائیور کے لائسنس کی کاپی، شناختی کارڈ کی کاپی اور دو عدد پاسپورٹ سائز تصاویر کے ساتھ رجوع کریں، اسکائوٹس ،انجمنوں، فلاحی ادارے، سبیل و نذر نیاز کی گاڑیوں کے اسٹیکر حاصل کرنے کے لیے ڈی آئی جی ٹریفک کراچی کے نام درخواست جس کے ساتھ تصدیق شدہ اصل دستاویزات جس میں گاڑی کی اصل رجسٹریشن بک کی فوٹو کاپی، ڈرائیونگ لائسنس کی فوٹو کاپی تصدیق شدہ، ڈرائیور کی دو تصاویر ، قومی شناختی کارڈ کی فوٹو کاپی تصدیق شدہ، انجمن ، ادارے یا سبیل کا لیٹر اسکائوٹس رابطہ کونسل آفس کراچی اوپن ڈسٹرکٹ کے مرکزی دفتر نمائش پر 22مئی سی25مئی تک جمع کراکر رسید حاصل کریں اور 26مئی کو اپنی رسید دکھا کر اسٹیکر ایس آر سی کے آفس سے حاصل کریں، قانون نافذ کرنے والے ادارے، ٹائون انتظامیہ، میڈیا اور ایمبولینس سروس کے منتظمین اسٹیکر حاصل کرنے کے لیے اپنا اصل شناختی کارڈ و کاپی، ادارے کا شناختی کارڈ اور ادارے کے لیٹر کی کاپی دکھائیں گے اور شناختی کارڈ کاپی و ادارے کے شناختی کارڈ کی کاپی جمع کروا کر اسٹیکر حاصل کرنے کے مجاز ہونگے، جلوس والے دن کسی بھی گاڑی کو اسٹیکر یا پاس جاری نہیں کیا جائے گا۔